بین الاقوامی سطح پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کو غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
ہسپانوی جریدے ایل پائس نے اپنی رپورٹ میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو کلیدی قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک فاتح فوجی رہنما کے طور پر ابھرے جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان سیز فائر اور مذاکراتی عمل میں بھی ان کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
ایل پائس کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی امریکی صدر نے کسی پاکستانی فوجی سربراہ کی میزبانی کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو غیرمعمولی، بہادر اور عظیم جنگجو قرار دیا۔
بین الاقوامی جریدے کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بات چیت کو آگے بڑھانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور ثالث سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ بیک وقت امریکا اور ایران دونوں کے ساتھ مؤثر پیغام رسانی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر علاقائی اور بین الاقوامی پیچیدہ معاملات کو بہتر انداز میں سمجھتے ہیں جبکہ ان کی قائدانہ صلاحیتیں اور پُراثر شخصیت انہیں عالمی سطح پر مرکزِ نگاہ بنا چکی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کو ممکنہ جنگی تباہی سے بچانے میں بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار انتہائی اہم اور مؤثر تصور کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






