شادی سے پہلے خون کا ٹیسٹ لازمی؟

کراچی:   ماہر صحت ڈاکٹر ثاقب انصاری نے نیشنل تھیلیسیمیا کانفرنس میں نکاح نامے میں شادی سے قبل خون کے ٹیسٹ کی شرط شامل کرنے کی تجویز دے دی۔تفصیلات کے مطابق عمیر ثنا فانڈیشن کے زیر اہتمام ایک مقامی ہوٹل میں نیشنل تھیلیسیمیا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرین صحت، اراکین سندھ اسمبلی، قونصل جنرلز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کانفرنس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ کے سربراہ ڈاکٹر ناصر سمیت ماہرین نے پاکستان میں تھیلیسیمیا کے علاج اور اس کی روک تھام پر تفصیلی پینل ڈسکشن کی۔سینیٹر روبینہ قائم خانی نے کہا کہ عوام میں تھیلیسیمیا سے متعلق شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے تعلیمی اداروں میں سیمینارز اور میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔رکن اسمبلی فرحان فارق نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مسلسل خون کی ضرورت رہتی ہے، جبکہ جماعت اسلامی خون کے عطیات کی مہم کے ذریعے مریضوں تک خون پہنچا رہی ہے۔انھوں نے بتایا پاکستان میں ہر سال 5 سے 8 ہزار بچے تھیلیسیمیا کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، اس لیے مثر قانون سازی اور اس پر عملدرآمد ضروری ہے۔انہوں نے دیہی علاقوں میں CBC ٹیسٹ اور شادی سے قبل خون کے ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ماہر صحت ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ یہ کانفرنس 25 سالہ مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے اور 8 مئی کو دنیا بھر میں تھیلیسیمیا کا عالمی دن منایا جاتا ہے، بعض ممالک، جیسے اٹلی، اس بیماری پر قابو پا چکے ہیں۔ کانفرنس میں ایک کتاب بھی شائع کی گئی جس میں پاکستان سے تھیلیسیمیا کے خاتمے کی حکمت عملی بیان کی گئی ہے۔انہوں نے نکاح نامے میں شادی سے قبل خون کے ٹیسٹ کی شرط شامل کرنے کی تجویز دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سرکاری و نجی ادارے اس کے خلاف متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس مرض پر بات نہیں کی جاتی تھی، تاہم اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ سندھ حکومت تھیلیسیمیا کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ایسے اداروں کی مکمل سرپرستی کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ کراچی میں نادرا سینٹرز کے ساتھ تھیلیسیمیا مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت صوبے کو مہلک بیماریوں سے پاک کرنا ترجیح ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close