اسلام آباد : وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے سعودی سفارت خانہ میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں کنگ سلمان ہسپتال کے اہم منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ مصطفی کمال نے پاکستان کے شعبہ صحت میں سعودی عرب کی مسلسل اور فراخدلانہ معاونت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ا نہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہسپتال کا قیام دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی مضبوط علامت ہوگا، یہ منصوبہ پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب کے عزم کا مظہر ہے۔وفاقی وزیرِ نے کہا کہ کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے،منصوبے کے تمام امور کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں تاکہ اسے مقررہ مدت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔مصطفی کمال نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں جو اس کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔مزیدبرآں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی ترقی کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کے عزم پر اتفاق اور سعودی قیادت کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام اور پاکستان کی خوشحالی و ترقی کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






