طویل انتظار ختم !‌ پاسپورٹ بنوانے کے سسٹم میں بڑی تبدیلی

پاسپورٹ سسٹم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نارمل پاسپورٹ کی فراہمی کا وقت 21 دن سےکم کر کے 14 دن کر دیا گیا۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چوہدری کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ کے حصول کو آسان بنانے کے لیے متعدد بڑے اور عوامی مفاد کے فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے نارمل پاسپورٹ کی ڈلیوری کا وقت 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دیا گیا ہے، اب شہریوں کو اپنے پاسپورٹ کے لیے طویل انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ دفاتر میں اگلے 15 روز کے اندر مکمل ‘کیش لیس’ سسٹم رائج کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ نقدی کی ادائیگی ختم ہونے سے ایجنٹ مافیا کا راستہ رکے گا اور شہریوں کو شفاف طریقے سے سروس میسر آئے گی۔

اجلاس میں پاسپورٹ کی گھروں تک ڈلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ شہریوں کو بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔

اس کے علاوہ، وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے ‘پاسپورٹ اتھارٹی’ کا قیام ناگزیر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close