اسلام آباد ہائیکورٹ سے ٹرانسفر کے بعد تینوں ججز کی سنیارٹی متاثر

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ٹرانسفر ہونے والے 3 ججز سنیارٹی لسٹ میں تینوں صوبوں میں جونیئر جج بن گئے۔

 

جسٹس محسن اختر کیانی کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں دوسرا نمبر تھا، تبادلے کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائیکورٹ سنیارٹی لسٹ میں بارہواں نمبر ہوگا۔

جسٹس بابر ستار کا اسلام اباد ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں تیسرا نمبر تھا، تبادلے کے بعد جسٹس بابر ستار پشاور ہائی کورٹ میں چھٹے نمبر پر چلے گئے، اس کے علاوہ جسٹس ثمن رفعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ کے مطابق چھٹے نمبر پر تھیں، جبکہ سندھ ہائی کورٹ میں تبادلے کے بعد جسٹس ثمن رفعت کا سنیارٹی لسٹ کے مطابق 16 واں نمبر ہوگا۔

تینوں ججز کا پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں تبادلوں کے بعد وہ اب بطور جونیئر جج کیسز کی سماعت کریں گے، جسٹس بابر ستار انتظامی کمیٹی کا حصہ بن جائیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی ٹرانسفر کے بعد نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہو سکا۔

جسٹس محسن اختر کیانی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے اور کیسز کی سماعت جاری رکھے ہوئے ہیں، جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت کی کاز لسٹ بھی کورٹ کے باہر آویزاں کر دی گئی جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی کیسز کی سماعت کریں گی۔

اس کے علاوہ جسٹس بابر ستار کی عدالت کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اکثریتی رائے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے تبادلے ملک کی دیگر 3 صوبائی ہائیکورٹز میں کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو کے تبادلوں کی تجویز واپس لے لی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close