لاہور: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا ڈرائیور بن کر سامنے آنے پر کہا ہے کہ عثمان بزدار کی حرکت سے دل ٹوٹا ہے، عمران خان کو بھی بے حد افسوس ہوگا، کچھ تو خیال کرنا چاہیئے تھا۔ تفصیل کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں پی ٹی آئی دور حکومت میں وزیراعلی پنجاب کے عہدے پر براجمان رہنے والے عثمان بزدار دکھائی دے رہے ہیں، جو وزارت اعلی ختم ہونے اور خاص طور پر پی ٹی آئی پر برا وقت آنے کے بعد سے منظر عام سے غائب ہوچکے تھے، تاہم اب وہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی گاڑی ڈرائیو کرتے نظر آئے، اس کے علاوہ ایک اور تصویر میں وہ یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی و دیگر رہنمائو ں کے ہمراہ کھڑے مسکراتے ہوئے بھی دکھائی دیئے۔اس معاملے پر تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کی حرکت سے بہت افسوس ہوا ہے، عثمان بزدار کی حرکت سے دل ٹوٹا ہے، ان حالات میں عثمان بزدار کو یہ حرکت نہیں کرنی چاہیئے تھی، عثمان بزدار کی اس حرکت کا جب عمران خان کو پتہ چلے گا تو عمران خان کو بھی بے حد افسوس ہوگا، بشری بی بی کی پرسوں ہی فیملی کے بغیر ہی سرجری ہوئی ہے، عمران خان پر ظلم سامنے ہے اور آپ یوسف رضا گیلانی کے ڈرائیور بن گئے، آپ کو کچھ تو خیال کرنا چاہیئے تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






