بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے ایک اہم اور مطلوب ترین کمانڈر کو اس کے ساتھی سمیت جہنم واصل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 خارجی ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں فتنہ الخوارج کا رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار بھی شامل ہے۔
ترجمان نے کہا ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔
فورسز کی بروقت کارروائی نے علاقے میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو خاک میں ملا دیا ہے۔
ہلاک ہونے والا خارجی وحید اللہ سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر متعدد حملوں میں براہِ راست ملوث اور انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا ہے کہ یہ دہشت گرد 21 فروری 2026 کو ہونے والے اس بزدلانہ حملے کا مرکزی سہولت کار تھا جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
آپریشن کے بعد علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ‘عزمِ استحکام’ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






