ضمنی انتخابات کے نتائج مسترد کردیے گئے

لاہور(پی این آئی) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن چوروں کو تحفظ دے رہا ہے، الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آرز ہونی چاہیئں، الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں ننگی جارحیت کا مُظاہرہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے ہمراہ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں پنجاب حکومت نے جِس ننگی جارحیت، بےشرمی اور بےحیائی کا مُظاہرہ کیا، جس طرح الیکشن کرایا گیا، آراوز سے رزلٹ لئے گئے، گورنر ہاؤس لاہور میں خواجہ عمران نذیر کی موجودگی میں مختلف لوگوں کو پیسے دینے کی ویڈیوز بنائی گئیں، اور جن آراوز نے پیسے لینے سے انکار کیاان کو ٹارچر کیا گیا اور زبردستی فارم 45پر دستخط لئے گئے، اس کی مذمت کافی نہیں ہے۔ سیاستدانوں نے ٹھیکہ نہیں اُٹھایا ہوا کہ ہمیشہ غداری، بغاوت اور آرٹیکل 6 کا استعمال اُنہی کے خلاف ہو، موجودہ الیکشن کمیشن اور حکومت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آرز ہونی چاہیئں، کیونکہ آئینِ پاکستان کا اِتنا کُھلم کُھلا استحصال ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔

ہمارے لیئے یہ الیکشن مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں،ہم ان الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن ثابت کردیا کہ وہ چوروں اور ڈاکوؤں کے نام نہاد مینڈیٹ کو تحفظ دینے اور انہیں ا یوان میں پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں، فیصل آباد کے جلسے کی تاریخ کا آج اعلان کردیا جائے گا، یہ جلسہ پنجاب میں احتجاجی تحریک کی ابتدا کرے گا۔

close