وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کا پہلا دبنگ فیصلہ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ،وزیر داخلہ کی زیر صدارت نیکٹا ہیڈکوارٹر میں نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، سربراہ نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد کے آئی جیز اور سیکریٹریز داخلہ نے شرکت کی۔

نیشنل کوآرڈینٹر نیکٹا، نیشنل ایکشن پلان اور انٹیلی جنس اداروں کی تمام ٹیم اور چیف کمشنرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستان بھر میں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی دینے کے بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کچے کے علاقے سے شرپسند عناصر کا مشترکہ آپریشن سے مستقل خاتمہ کیا جائے گا، مشترکہ آپریشن کیلئے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔ دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ہمیں اپنے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا اور وفاق اس ضمن میں صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

اجلاس میں پورے پاکستان کی پولیس کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کیلئے تفصیلی مشاورت و غور کیا گیا جبکہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے بارے میں کئے گئے اقدامات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ تمام آئی جیز نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

close