شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کوبڑا مشورہ دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی)سابق وزیراعظم اور سینئر سیاستدان شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف کو قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ این اے 130 سے ان کی جیت پر شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں، میں مشورہ دوں گا کہ اس نشست کو ازخود خالی کردیں اور ضمنی انتخاب کے لیے دوبارہ عوام میں جائیں.

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران جب شاہد خاقان عباسی سے سوال پوچھا گیا کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم کیوں نہ بن سکے؟ تو سینئر سیاستدان نے جواب دیا کہ آج لوگ سوال پوچھ رہے ہیں کہ ہم نے تو نواز شریف کو ووٹ دیا تھا تو پھر شہباز شریف وزیراعظم کیوں بن گئے؟ لیکن وزیراعظم نہ بننے کا فیصلہ بھی خود میاں نواز شریف کا ہی ہے. انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی یہ نہیں کہا کہ میں چوتھی بار وزیراعظم بننے آیا ہوں لیکن جن لوگوں نے نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بنانے کی انتخابی مہم چلائی وہ عوام کو جواب دیں، وہ بتائے کہ یہ کیا انتخابی مہم چلائی ہے، یہ کوئی بیانیہ نہیں ہے کہ میں وزیراعظم بننے آیا ہوں.

close