توشہ خانہ کیس کا فیصلہ، ن لیگ کا ردعمل

لاہور(پی این آئی) توشہ خانہ کیس کافیصلہ، ن لیگ کا ردعمل۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے توشہ خانہ کیس کے فیصلے پر ردعمل میں کہا ہےکہ عمران خان نے کرپشن کا پورا نظام وضع کیا اور اتنی کرپشن کسی وزیراعظم نے نہیں کی جتنی بانی پی ٹی آئی نے کی۔ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ سمجھتے تھے آپ نے چور بازاری کا جو بازار گرم کر رکھا تھا یہ سب کچھ آپ کو معاف کردیا جائے گا،

چور ہمیشہ شور مچاتا ہے، سوچی سمجھی منظم سازش کرکے اس ملک کو لوٹا گیا لیکن شہباز شریف نے ایک ایک روپیہ امانت سمجھ کر استعمال کیا، یہی نظام تھا یہی بیوروکریسی تھی لیکن اوپر چور نہیں تھا، ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔دوسری جانب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ ملک میں ریاست مدینہ کے نام پرکرپشن اور بدعنوانی کی گئی، آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14،14سال کی سزا سنائی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے تحائف بلیک مارکیٹ میں فروخت کیے، اتنی کرپشن کسی وزیراعظم نے نہیں کی جتنی بانی پی ٹی آئی نے کی۔انہوں نے کہا کہ جتنے بھی تحائف آتے تھے ان کو اونے پونے سرکاری کاغذوں میں بیچا جاتا تھا، ان تحائف کی اربوں روپےکی اصل قیمت کہیں اور سے وصول کی جاتی تھی، سعودی ولی عہد کی دی ہوئی گھڑی کو بھی بلیک مارکیٹ میں فروخت کیاگیا، خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بازار سے نہیں خریدی جاسکتی، آپ جعلساز اور کرپٹ شخص کے طور پر سامنے آئے ہیں۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کا ایک پورا نظام وضع کیا،

اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، یہ تحائف بیچنے کے لیے نہیں ہوتے، سرکار چاہے تو آپ ان کو کچھ قیمت دے کر خرید سکتے ہیں، یہ نایاب گھڑی تھی اس پر ہیرے جواہرات لگے ہیں، اسلام آباد کی ایک گھڑیوں کی دکان سے جعلی رسید بنوائی اور ہمیں کہتے تھے رسیدیں دو، یہ قبضہ گروپ تھا، علیمہ خان اور عظمیٰ خان زمینوں پر قبضے کراتی پھررہی تھیں۔

close