پراپرٹی لیکس میں نام سامنے آنے پر محسن نقوی نے ایک بار پھر وضاحت دے دی

لاہور (پی این آئی)وفاقی وزير داخلہ محسن نقوی نےکہا ہےکہ بطور بزنس مین وہ جہاں چاہيں گے انویسٹ کریں گے، قانونی طریقے سے بیرون ملک سرمایہ کاری کرنا غلط نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کی 2017 سے دبئی میں جائیداد تھی جو کہ 2023میں بیچ دی گئی تھی، الیکشن کمیشن گوشواروں میں سب کچھ واضح ہے ، وہ دس سال پہلے پبلک آفس ہولڈر نہيں تھے، اہلیہ کی لندن میں بھی جائیداد ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ خبر دینا آپ کا حق ہے لیکن یہ کہنا کہ پراپرٹی لی اور ڈیکلیئر نہیں کی، ناجائز پیسوں سے بنی ہے، غلط تاثر نہ دیں، ہر چیز واضح تھی لیکن اجاگر ایسے کیا گیا پتا نہیں کن پیسوں سے جائیدادیں بنالیں، اگر سمجھوں گا سرمایہ کاری باہر کرنی ہے یا ملک میں تو کروں گا، کسی کے پاس ناجائز پراپرٹی ہے تو آپ ضرور ایشو بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ ہیں جن کی وہاں جائیدادیں ہیں ان کا نام نہیں آیا، اندازہ ہوتا ہےکہ مخصوص لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، انکوائری صرف اس کی ہونی چاہیے جس نے ڈیکلیئر نہیں کیا یا غیرقانونی ہے ، بزنس کو گالی بنایا ہوا ہےکہ جوبزنس کرتا ہےاس کو گالی سمجھو، ہمارا بزنس مین ذرا سی ترقی کرلےتو کہتےہیں یہ تو چور ہے۔

close