نواز شریف کا چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہونا۔۔۔ سینئر رہنما کی رائے سامنے آ گئی

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما اورسابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ قائد نوازشریف کا چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہونا ملک اور قوم کے مفاد میں ہے’لاڈلے کا شور مچانے والے شکست خوردہ عوام کی مشکلات کاادراک ہوتاتو پیپلزپارٹی کے سابقہ دور میں آج کی ٹرین چوتھے دن نہ آتی،سابق وزیراعظم میاںنوازشریف کو سزاسنانے والے کردار خود ہی بے نقاب ،اللہ تعالیٰ نے ایون فیلڈریفرنس میں سرخرو کیا۔

ایک انٹرویو میں پیر صابر شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)پسے ہوئے طبقے کی عوامی نمائندہ جماعت ہے،آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے ،قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں میں مضبوط امیدوار میدان میں اتاریں گے اورمسلم لیگ(ن)2024 کے عام انتخابات میںچاروں صوبوں سے کامیابی حاصل کرے گی اورقائد عوام میاںنوازشریف ملک کے وزیراعظم ہونگے اورملکی سالمیت اور اسکی ترقی کیلئے ہم نوازشریف کی قیادت میںمتحدو منظم،جدوجہد جاری رکھیں گے۔سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ جتنا نقصان عمران نیازی ٹولے نے ملک کوپہنچایا اتنا 75سالہ تاریخ میںکوئی نہیں پہنچا سکا،میاںنوازشریف کاعدالتوں سے باعزت بری ہونا عمران نیازی کے منہ پرطمانچہ ہے،قائدعوام صبر ،ہمت اور بہادری کی بے مثال شخصیت کا نام ہے، جھوٹ،فراڈ کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنایا، قید خانے، بے بنیاد مقدمات،چادر اور چار دیواری کی پامالی، کردارکشی سمیت اذیت کا ہر حربہ استعمال کیا گیا لیکن اللہ تعالی نے سچائی واضح کردی،پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد دیتاہوں جنہیں ہمیشہ اپنے قائد کی بے گناہی کا یقین کیا۔صابر شاہ نے کہا کہ 2017 میں ہنستے بستے اور خوشحال پاکستان میں ایک سازش کے تحت عمران نیازی کی حکومت کو سلیکٹ کیاگیا جس کا خمیازہ آج پورا ملک اور قوم بھگت رہی ہے،عوام انتخابات میں اپنے شعور کامظاہرہ کریں او راپنے ووٹ کا درست استعمال کریں، ایسے لوگوں کومنتخب کرکے ایوانوں میں بھیجیں جو ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کریں،مسلم لیگ(ن) عوام کو درپیش مسائل کیلئے آواز بلند کی اور ائندہ بھی اس سے گریز نہیں کریں گے،ملک کوگھمبیر مسائل سے باہر نکالنے کیلئے مستحکم حکومت کا قیام ناگزیر ہے،سیاسی رہنمائوں بھی ملک میں رواداری کو فروغ دیں۔

close