عمران خان نے فوج مخالف عناصر سے متعلق پی ٹی آئی رہنمائوں کو نئی ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کو فوج مخالف عناصر سے دوری اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

صحافی انصارعباسی نے رپورٹ کیا ہے کہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام عناصر سے دور رہیں جو پی ٹی آئی اور فوج کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پارٹی کے اندر یا باہر موجود ایسے عناصر کی مذمت کی جائے۔پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل خان مروت کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پارٹی اور سوشل میڈیا پر موجود ایسے افراد سے لاتعلقی اختیار کی جائے جو فوج کو ہدف بنا رہے ہیں، اسے بدنام کر رہے ہیں یا پھر فوج کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں، یہ تاثر دور کیا جائے کہ پی ٹی آئی فوج کے خلاف ہے، میرے حامی اور سوشل میڈیا پر موجود کارکن فوج مخالف بیانیہ اختیار نہ کریں۔اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ملک اور قوم کیلئے قربانیاں دینے والے مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی ہمیشہ سے سمجھتے ہیں کہ فوج ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے انتہائی اہم ہے، عمران خان نے شہید نوجوان افسران اور فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

شہداء قوم کا فخر ہیں۔شیر افضل خان مروت نے کہا ہے کہ میں نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے بڑے اجتماعات سے خطاب کیا، ان عوامی اجتماعات میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، مسلح افواج کے شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا، پی ٹی آئی کے نام نہاد ہمدردوں اور ایسے وی لاگرز جنہوں نے فوج کے خلاف زہر افشانی کی ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، ہم ایسے کرداروں کی مذمت کرتے ہیں اور خود کو ان سے دور رکھتے ہیں، اگر پاک فوج کو بدنام کرنے والے عناصر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا میں ہیں تو پارٹی ان سے لاتعلقی کا اظہار کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close