صداقت عباسی کے عمران خان پر الزامات، تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا فیصلہ

لاہور (پی این آئی) صداقت عباسی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا مجھے گرفتار کیا گیا تو پورے ملک میں انتشار پیدا کرنا ہیں۔

انہوں نےکہا کہ 7مئی کو بشری بی بی کے کہنے پر میٹنگ ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے گرفتار کرنے پر باہر نکل کر انتشار پیدا کرنا ہے تاکہ فوج پر پریشر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سمجھتے تھے کہ عمران خان صاحب کا جو ری ایکشن ہے وہ بہت زیادہ ہے۔ لیکن کیونکہ وہ ایک لیڈر ہیں اور ان کا ایک مزاج ہے، ہمارا خیال تھا کہ کہیں نہ کہیں، ان کی کوئی انڈر سٹینڈنگ ہے، لیکن 9 مئی کو معاملات بگڑ گئے۔ صداقت عباسی نے مزید کہا کہ پارٹی میں یہ امپریشن تھا کہ عمران خان نے یہ ہارڈ لائن اسی وجہ سے لی کہ فوج کے درمیان ایسے لوگ موجود ہیں جو اس بیانیے کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر کوئی دباؤ نہیں، اگر کوئی دباؤ ہے تو 9 مئی واقعات میں قانون کا ڈر ہے۔ صداقت عباسی نے کہا کہ 9 مئی کو ہم سب کو لیاقت باغ اکٹھے ہونے کی ہدایت ملی، جازی خان اور مقامی عہدیداروں نے جی ایچ کیو کی جانب جانے کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست میرے بس کا روگ نہیں، 9 مئی کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں ہوں۔ جس مقصد کیلئے میں سیاست میں آیا تھا وہ عوام کی ترقی کیلئے کام کرنا تھا میں نے بہت سے منصوبوں پر کام شروع کروایا، یہ مقصد پورا ہو بھی گیا تھا، لیکن 9 مئی کے واقعے کے بعد اس کا بوجھ اٹھانا میرے لیے اور میرے خاندان کیلئے ممکن نہیں ہے۔

میں بڑی امیدوں کے ساتھ پی ٹی آئی کا حصہ بنا تھا، 2006 سے میں تحریک انصاف میں ہوں۔ 9 مئی کے واقعات کے بعد میرے جیسے پروفیشنل بندے کیلئے اس بیانیے کے ساتھ مزید چلنا ممکن نہیں۔ لہذا میں پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت عباسی نے کہا کہ شیریں مزاری ، شہباز گل اور مراد سعید نے عمران خان کو گائیڈ کیا، 9 مئی کو ہم نے حد کراس کردی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں عمران خان چاہتے تھے کہ فوج کا ادارہ پریشر میں آجائے اور کوئی ڈیل ہو جائے ۔ 7 مئی کو بشری بی بی کی مشاورت پر عمران خان زوم میٹنگ کرتے ہیں جس میں تمام مرکزی قیادت موجود تھی ۔ اس میٹنگ میں عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل کی منصوبہ بندی بنائی گئی اور اہداف طے کر لیے گئے۔

close