پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں کس کس نے جہانگیر ترین کیساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا؟ سیاسی میدان میں ہلچل مچ گئی

اسلام آباد(پی این آئی) تحریک انصاف پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد راولپنڈی کے اہم ارکان دوسری جماعتوں میں جانے کے لیے تیار ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے سابق ارکان صوبائی و قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کا حتمی فیصلے کر لیا۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت نے زوم میٹنگ میں شمولیت سے بھی معذرت کر لی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق آج کی اہم میٹنگ میں خیبرپختونخوا سے پانچ ارکان بھی زوم میٹنگ میں شامل نہ ہو سکے۔خیبرپختونخوا کا ایک دھڑا جہانگیر ترین سے مکمل رابطے میں ہے ، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے ہفتے جہانگیر ترین سے ملاقات کے دوران شمولیت کا اعلان متوقع ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ایک اور الگ دھڑا بنانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنما اورسابق وزراء مراد راس اور ہاشم ڈوگر نے اجلاس بلا لیا۔اجلاس کا مقصد الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الگ گروپ تشکیل دینا ہے۔پی ٹی آئی کے 35 سے زائد رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز اجلاس میں شریک ہوں گے۔سابق وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ کبھی بھی ن لیگ اور پی ڈی ایم کے بیانیے کا ساتھ نہیں دے سکتے۔ ایک بڑا گروپ کل اکٹھے چلنے کا اعلان کرے گا۔ ہم دیکھیں گے سیاست کس کروٹ بیٹھے گی مگر پی ٹی آئی اور اس کے ورکر بے یار و مددگار نہیں ہو سکتے۔

ہم فوج کے خلاف بیانیے کے خلاف ہیں مگر پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ ٹویٹر پر جیسے بھی بھی ٹرول کریں جب عمران خان گرفتار ہوے تھے احتجاج وزیر اعلی اور گورنر ہاوس کے باہر پر امن طور پہ ہونا چاہئیے تھا۔ کور کمانڈر کے گھر کو جلانا کوئی آپشن نہیں تھی۔ہاشم ڈوگر نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج کو چاہئیے کہ خدیجہ شاہ اور صنم جاوید جیسی تمام خواتین کے لئیے عام معافی کا اعلان کر دیں۔ آپ بڑے دل کا مظاہرہ کریں۔

close