جسٹس منیب اختر نے جسٹس منصور اور جسٹس جمال مندوخیل کے فیصلے کو اقلیتی فیصلہ قرار دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر نے کہا کہ جسٹس منصور اور جسٹس جمال خان کا فیصلہ اقلیتی ہے۔

 

 

 

دونوں ججز کا احترام ہے مگر اقلیتی فیصلہ اکثریتی فیصلے پر غالب نہیں آسکتا، قانون واضح ہے کہ اقلیتی فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، یکم مارچ کے اختلافی نوٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ فیصلہ 4/3 کا ہے، یہ اقلیت کسی قانون کے تحت خود کو اکثریت میں ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی، کھلی عدالت میں 5 ججز نے مقدمہ سنا اور فیصلے پر دستخط کیے۔ تفصیلات کے مطابق دھ کو پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی۔ پانچ رکنی بینچ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل ہے۔سماعت کے دوران پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک، ایڈووکیٹ عرفان قادر، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی عدالت میں حاضر ہوئے۔

 

 

 

سماعت کے آغاز پر پیپلزپارٹی کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک روسٹرم پر آئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست میں فریق بننے کی درخواست دائر کردی ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ اپنا موقف پیش کرنا چاہتے ہیں، آپ کی درخواست پی ڈی ایم کی طرف سے ہی اس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پہلے الیکشن کمیشن کے وکیل کو سنیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن آرڈر کے بغیر کیسے عمل کر رہا ہے، 4 ججز میں سے 2 میرے بھی سینئر ہیں، اس پر چیف جسٹس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ چلیں آپ کی وضاحت آگئی ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ مجھے ابھی بات کرنی ہے، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، جسٹس جمال کے ریمارکس کے بعد فل کورٹ بنایا جائے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ فل کورٹ کیوں وہی 7 ججز بینچ میں بیٹھنے چاہئیں، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ فل کورٹ وقت کی ضرورت ہے، پہلے طے کرلیں کہ فیصلہ /4 3 کا تھا یا 2/3کا تھا، ساری قوم ابہام میں ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ 4 ججز نے پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کیں، ہمارے حساب سے فیصلہ 4 ججز کا ہے، چیف جسٹس نے آج تک آرڈر آف دی کورٹ جاری نہیں کیا، جب آرڈر آف دی کورٹ نہیں تھا تو صدر مملکت نے تاریخ کیسے دی، جب آرڈر آف دی کورٹ نہیں تو الیکشن کمیشن نے شیڈول کیسے دیا ۔

 

 

 

 

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی روسٹرم پر آگئے۔جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کس حکم کے تحت فیصلے پر عملدرآمد کیا ، سجیل سواتی نے جواب دیا کہ میں اپنی گزارشات پیش کروں گا، الیکشن کمیشن نے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا، عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر سے رجوع کیا، صدر مملکت نے 30 اپریل کی تاریخ دی۔ جیل سواتی نے کہا کہ تاریخ مقرر کرنے کے بعد شیڈول جاری کیا اور انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، آرٹیکل 218 کی ذمہ داری کسی بھی قانون سے بڑھ کر ہے، انتخابات کیلئے سازگار ماحول کا بھی آئین میں ذکر ہے، آرٹیکل 224 کے تحت الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے اچھی تیاری کی ہے۔دوران سماعت پیپلزپارٹی کے وکیل نے کہا کہ ہم نے فریق بننے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ’ہم الیکشن کمیشن کو سن کر پھر فیصلہ کریں گے۔ اس دوران ایڈووکیٹ عرفان قادر نے کہا کہ ’عدالت مجھے بھی سنے۔

 

 

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ گزشتہ روز کے ریمارکس پر وضاحت کرنی ہے، میں نے جو مختصر اور تفصیلی فیصلہ دیا اس پر قائم ہوں، از خود نوٹس لینے کا اختیار کس کا ہے یہ اندرونی معاملہ ہے، آرڈر آف دی کورٹ 4 ججز پر مشتمل فیصلہ تھا، آرڈر آف دی کورٹ چیف جسٹس نے جاری نہیں کیا، سوال یہ بھی ہے کہ جب چیف جسٹس نے تفصیلی فیصلہ نہیں دیا تو پھر الیکشن کمیشن اور صدر نے مشاورت کے بعد شیڈول جاری کیا۔ اس دوران فاروق ایچ نائیک نے دوبارہ استدعا کی کہ جسٹس جمال خان کے ریمارکس پر فل کورٹ تشکیل دیا جائے، پہلے یہ فیصلہ کیا جائے کہ فیصلہ 4 ججوں کا ہے یا 3 کا پوری قوم اس وقت کنفیوڑن کا شکار ہے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ تحریری طور پر درخواست دے دیں۔سجیل سواتی نے کہا کہ عدالتی آرڈر میں لکھا ہے کہ فیصلہ 3/2 سے ہے، 3/2 والے فیصلے پر پانچ ججز کے دستخط ہیں، کمیشن نے فیصلے کے پیراگراف 14 اور ابتدا کی سطروں کو پڑھ کر عمل کیا۔

 

 

 

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے مختصر حکم نامہ دیکھا تھا ‘ سجیل سواتی نے جواب دیا کہ ’ممکن ہے کہ ہمارے سمجھنے میں غلطی ہوئی ہو۔جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ کیا مختصر حکم نامے میں لکھا ہے کہ فیصلہ 4/3 کا ہی ‘ سجیل سواتی نے جواب دیا کہ ’اسی بات کو دیکھ کر عدالتی حکم پر عمل کیا۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ یکم مارچ کے اختلافی نوٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ فیصلہ 4/3 کا ہے، اختلاف رائے جج کا حق ہے، یہ اقلیت کسی قانون کے تحت خود کو اکثریت میں ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ کھلی عدالت میں 5 ججز نے مقدمہ سنا اور فیصلے پر دستخط کیے۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے میرے سوال کا جواب نہیں دیا، مختصر حکم نامے میں لکھا ہے کہ اختلافی نوٹ لکھے گئے ہیں، اختلافی نوٹ میں واضح لکھا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے سے متفق ہیں، کیا جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ کے فیصلے ہوا میں تحلیل ہو گئی چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جو معاملہ ہمارے چیمبرز کا ہے اسے وہاں ہی رہنے دیں، اٹارنی جنرل اس نقطہ پر اپنے دلائل دیں گے۔

 

 

 

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کا کیا موقف ہے، سجیل سواتی نے جواب دیا کہ4/3 کے فیصلے پر الیکشن کمیشن سے ہدایات نہیں لیں۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ دونوں ججز کا احترام ہے مگر اقلیتی فیصلہ اکثریتی فیصلے پر غالب نہیں آسکتا، قانون واضح ہے کہ اقلیتی فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، جسٹس منصور اور جسٹس جمال خان کا فیصلہ اقلیتی ہے۔ سجیل سواتی نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے کوششیں کیں، الیکشن کمیشن نے سیکشن 57 کے تحت الیکشن کی تاریخیں تجویز کیں، 3 مارچ کو عدالتی فیصلہ موصول ہوا، الیکشن کمیشن نے اپنی سمجھ سے فیصلے پر عملدرآمد شروع کیا، الیکشن کمیشن نے ووٹ کے حق اور شہریوں کی سیکیورٹی کو بھی دیکھنا ہے، صدر کی طرف سے تاریخ ملنے پر شیڈول جاری کیا۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ آپ کے 22 مارچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے، 22 مارچ کا آرڈر کب جاری کیا، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ آرڈر 22 مارچ شام کو جاری کیا، جب آرڈر جاری کیا تو کاغذات نامزدگیاں موصول ہو چکی تھیں، آرڈر جاری ہونے تک شیڈول کے چند مراحل مکمل ہو چکے تھے۔

 

 

سجیل سواتی نے کہا کہ فوج نے الیکشن کمیشن کو جوان دینے سے انکار کیا، آئین کا آرٹیکل 17 پرامن انتخابات کی بات کرتا ہے، آئین کے مطابق انتخابات صاف شفاف پرامن سازگار ماحول میں ہوں، الیکشن کمیشن نے فوج رینجرز اور ایف سی کو سیکیورٹی کیلئے خط لکھے۔ سجیل سواتی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایجنسیوں نے الیکشن کمیشن کو خفیہ رپورٹس دیں، عدالت کہے گی تو خفیہ رپورٹس بھی دکھا دیں گے، رپورٹس میں بھکر میانوالی میں ٹی ٹی پی، سندھو دیش اور مختلف کالعدم تنظیموں کی موجودگی ظاہر کی گئی، الیکشن کے لیے 4 لاکھ 12 ہزار کی نفری مانگی گئی، 2 لاکھ 97 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔جسٹس منیب نے ریمارکس دئیے کہ آپ 8 فروری کے لیٹرز پر انحصار کر رہے ہیں، عدالت نے یکم مارچ کو اپنا فیصلہ دیا، کیا آپ کو فروری میں خیال تھا کہ اکتوبر میں الیکشن کروانا ہے، دوسری طرف آپ کہتے ہیں کہ عدالتی فیصلے سے انحراف کا سوچ نہیں سکتے، اگر اکتوبر میں الیکشن کروانا تھا تو صدر کو 30 اپریل کی تاریخ کیوں دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس کے علاوہ بہت سارے سوالات ہیں، جسٹس منیب اختر کے سوالات نوٹ کر لیں، آپ دلائل دیں پھر سوالات کے جواب دیں۔سجیل سواتی نے کہا کہ پس منظر کے طور پر ان رپورٹس کا حوالہ دیا ہے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ 22 مارچ کو کیا، اس سے پہلے یہ گراؤنڈز دستیاب تھے، اس کے بعد انتخابات کے حوالے سے میٹنگ ہوئی، وزارت داخلہ نے بھی 8 فروری کے خط میں امن و امان کی خراب صورتحال کا ذکر کیا۔

 

 

 

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں 20 ارب کا ذکر ہے لیکن گزشتہ روز عدالت کو 25 ارب کا بتایا گیا۔ سجیل سواتی نے کہا کہ 5 ارب روپے پہلے ہی الیکشن کمیشن کو جاری ہو چکے ہیں، وزارت خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں الیکشن کے لیے فنڈز جاری نہیں کر سکتے، سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ بیس ارب روپے جاری کرنا ناممکن ہو گا، پنجاب کے لیے 2 لاکھ 97 ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی کمی کا بتایا گیا۔ جسٹس جمال خان نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کے لیے قومی اسمبلی نے فنڈز کی منظور دی ہوئی ہے، سجیل سواتی نے کہا کہ وزارت خزانہ اس بات کا تفصیل سے جواب دے سکتی ہے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن تو ہر صورت 2023 میں ہونا تھے، کیا بجٹ میں 2023 الیکشن کے لیے بجٹ نہیں رکھا گیا تھا۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ انتخابات کے لیے بجٹ آئندہ مالی سال میں رکھنا ہے، قبل ازوقت اسمبلی تحلیل ہوئی اس کا علم نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر انتخابات پورے ملک میں ایک ساتھ ہوں تو کتنا خرچ ہوگا اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ملک بھر میں ایک ہی دفعہ انتخابات ہوں تو 47 ارب روپے خرچ ہوں گے، انتخابات الگ الگ ہوں تو بیس ارب روپے اضافی خرچ ہوں گے۔سجیل سواتی نے کہا کہ اسپیشل سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ سیاسی شخصیات کو سیکیورٹی خطرات ہیں، وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی خطرات صرف الیکشن کے روز نہیں الیکشن مہم کے دوران بھی ہوں گے، وزارت داخلہ نے عمران خان پر حملے کا بھی حوالہ دیا، کمیشن کو بتایا گیا تھا کہ فوج کی تعیناتی کے بغیر الیکشن کو سیکیورٹی فراہم کرنا ناممکن ہوگا، اسپیشل سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ ان حالات میں پرامن انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکتا، سیکٹر کمانڈر آئی ایس آئی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں کالعدم تنظیموں نے متوازی حکومتیں بنا رکھی ہیں۔

 

 

 

سجیل سواتی نے کہا کہ خفیہ رپورٹس میں بتایا گیا کہ مختلف دہشتگرد تنظیمیں متحرک ہیں، خفیہ رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شیڈو حکومتیں قائم ہیں، 2023 میں سکیورٹی کے 443 تھریٹس کے پی کے میں موصول ہوئے، خیبرپختونخوا میں رواں سال دہشگردی کے 80 واقعات ہوئے، 170 شہادتیں ہوئیں، خفیہ رپورٹس کے مطابق ان خطرات سے نکلنے میں چھ سے سات ماہ لگیں گے، رپورٹس کے مطابق عوام میں عدم سکیورٹی کا تاثر بھی زیادہ ہے، خیبرپختونخوا کے 80 فیصد علاقوں سکیورٹی خطرات زیادہ ہیں، کے پی میں خفیہ ایجنسیوں نے رپورٹس دیں کہ افغانستان سے دہشت گرد داخل ہوچکے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ باتیں بہت اہم ہیں، کیا یہ سب صدر مملکت کو بتایا گیا ‘، اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ ’تمام صورتحال سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا تھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متعلق رپورٹس سنجیدہ ہیں۔سجیل سواتی نے کہا کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان سے دہشتگرد حملے کر رہے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو معلومات آپ دے رہے ہیں وہ سنگین نوعیت کی ہیں، کیا آپ نے یہ باتیں صدر مملکت کے علم میں لائی، اگر صدر پاکستان کو نہیں بتایا تو آپ نے غلطی کی ہے، صدر مملکت نے تاریخ الیکشن کمیشن کے مشورے سے دی تھی، خفیہ رپورٹس میں کہا گیا کہ علاقوں کو کلیئر کرنے میں 6 ماہ لگیں گے، سیکیورٹی سے متعلق اعداد و شمار بڑے سنجیدہ ہے۔

 

 

 

سجیل سواتی نے کہا کہ پنجاب نے بھی مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کا ذکر کیا، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کو علم ہے کہ کچے کے علاقوں میں ہر 2 سے 3 روز بعد آپریشن ہوتا ہے، پنجاب میں کچے کا آپریشن کب مکمل ہوگا۔سجیل سواتی نے جواب دیا کہ پنجاب کے مطابق کچے میں آپریشن مکمل ہونے میں 6 ماہ تک لگ جائیں گے، الیکشن کمیشن کے پاس خفیہ اداروں کی رپورٹ پر شک کرنے کی گنجائش نہیں۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ کیسی بات کر رہے ہیں، 2 اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ ایجنسیوں کی رپورٹس میں جو حقائق بیان کیے گئے وہ نظرانداز نہیں کر سکتے۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کیا کوئی طریقہ کار ہے الیکشن کمیشن ان رپورٹس کی تصدیق کروا سکی ، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ واقعات میڈیا پر رپورٹ ہو رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ دہشت گردی کا مسئلہ تو ہے، 20 سال سے ملک میں دہشتگردی کا مسئلہ ہے، اس کے باوجود ملک میں انتخابات ہوتے رہے ہیں، 90 کی دہائی میں 3 دفعہ الیکشن ہوئے، 90 کی دہائی میں فرقہ واریت اور دہشتگردی عروج پر تھی، 58/2 بی کے ہوتے ہوئے ہر 3 سال بعد اسمبلی توڑ دی جاتی تھی۔

 

 

 

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر سمیت دیگر کی رپورٹس درست ہوں گی، دہشت گردی کے خطرات اپنی جگہ مگر آئین پر عملدرآمد تو لازمی ہے، الیکشن کمیشن تو کہہ رہا ہے ہمیں سہولیات مل جائیں تو ہم تیار ہیں، فوجی جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صدر مملکت کو یہ حقائق بتائے بغیر آپ نے تاریخیں تجویز کر دیں، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ صدر مملکت نے تاریخ کی تبدیلی پر الیکشن کمیشن کو خط نہیں لکھا، صدر مملکت نے تاریخ کی تبدیلی پر وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پنجاب میں دہشتگردی کے 5 واقعات ہوئے، آخری واقعہ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ تھا۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ اگر ادارے آپ کو معاونت فراہم کریں تو کیا آپ الیکشن کروائیں گے، بظاہر الیکشن کمیشن کا سارا مقدمہ خطوط پر ہے، الیکشن کمیشن کا مسئلہ فنڈزکی دستیابی کا ہے۔اس دوران اٹارنی جنرل نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے بجٹ آئندہ مالی سال میں رکھنا ہے، ملک بھر میں ایک ہی دفعہ انتخابات ہوں تو 47 ارب روپے خرچ ہوں گے، انتخابات الگ الگ ہوں تو 20 ارب روپے اضافی خرچ ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تحریک انصاف اور حکومت کو سیاسی ماحول ٹھنڈا رکھنے کا کہا تھا، موجودہ سیاسی ماحول میں پرامن انتخابات نہیں ہوسکتے، ہمیں نہ تو علی ظفر اور نہ اٹارنی جنرل نے اس بارے جواب دیا، ہم کیس آگے بڑھانے سے پہلے یقین دہانی چاہتے ہیں۔

 

 

 

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن خود کو آئینی ادارہ کہتا ہے، 2 اسمبلیاں تحلیل ہیں الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرتا یے، اور اچانک سے اپنا فیصلہ بدل دیتا ہے، الیکشن کمیشن کا مقدمہ آرٹیکل 218 کا ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ فنڈز اور اداروں سے معاونت مل جائے تو پنجاب میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہیں، ہم اپنی آئنی زمہ داریوں سے انحراف نہیں کر رہے۔جسٹس منیب نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریوں کیلئے تیار ہے، معاونت چاہیے، ہر انسانی جان قیمتی ہے، دہشگردی کے واقعات سنگین ہیں، فرنٹ لائن پر عوام کا تحفظ کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عدالت نے ان حالات کے ساتھ آئین کو بھی دیکھنا ہے۔ سجیل سواتی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو 20 مارچ کو الیکشن کمیشن نے خط لکھا، کابینہ نے 21 مارچ کو الیکشن کمیشن کو جواب میں وزارت دفاع کے موقف کی تائید کی، کابینہ نے کہا کہ الیکشن کیلئے فوج تعیناتی کی منظوری نہیں دے سکتے، کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے سے بھی معذرت کی۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنے سے پہلے عدالت سے رجوع کیوں نہیں کیا، الیکشن کمیشن شیڈول منسوخ کرنے سے پہلے عدالت سے رجوع کر سکتا تھا، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عمل کیا۔

 

 

 

جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ جس عدالتی حکم پر تمام ججز کے دستخط ہیں وہ کہاں ہے، صبح سے پوچھ رہا ہوں کوئی بھی عدالتی حکم سامنے نہیں لا رہا، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کی سمجھ کے مطابق فیصلہ 3/2 کا تھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کا مقصد سیاسی نظام کو چلنے رہنے دینا ہے، سیاسی جماعت بھی سیاسی نظام کو آگے بڑھانے کی مخالفت نہیں کرتی، ایک مسئلہ سیاسی درجہ حرارت کا ہے، علی ظفر اور اٹارنی جنرل کو سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر ہدایت لیکر اگاہ کرنے کا کہا تھا، سیاسی درجہ حرارت کم ہونے تک انتحابات پر امن نہیں سکتے، کسی فریق نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ پی ٹی کی جانب سے وکیل علی ظفر نے کہا کہ ’عدالت کو مکمل یقین دہانی کروانے کے لیے تیار ہیں، اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ’یقین دہانی کس کی طرف سے ہی ۔علی ظفر نے جواب دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری یقین دہانی کروائیں گے اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت کی پارٹی کی باری آئے گی تو ان سے بھی اس حوالے سے بات کریں گے۔ چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ جہاں مسئلہ زیادہ ہے اس ضلع میں انتخابات موخر بھی ہوسکتے ہیں، الیکشن کمیشن نے کچے کے آپریشن کی وجہ سے پورے پنجاب میں الیکشن ملتوی کردیا، خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ دے کر واپس لی گئی، 8 اکتوبر کی تاریخ پہلے سے مقرر کی گئی، 8 اکتوبر کو کون سا جادو ہو جائے گا جو سب ٹھیک ہو جائیگا۔

 

 

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ 8 اکتوبر کی تاریخ عبوری جائزے کے بعد دی گئی، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عبوری جائزے کا مطلب ہے کہ انتحابات مزید تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں، عدالت کو پکی بات چاہیے۔ وقفے کے بعد الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی 8 اکتوبر کی تاریخ عارضی نہیں ہے، ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق تھریٹ لیول بڑھ گیا ہے، اگر کچھ علاقوں میں انتخابات کرائیں تو ایجنسیوں کے مطابق وہیں دہشتگردی کا فوکس ہو گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ دیانت داری سے انتخابات کروائے، پرامن اور شفاف انتخابات کا انعقاد بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، عدالتی سوالات پر ہدایات لی ہیں، 8 اکتوبر کی تاریخ بلاوجہ نہیں، ایجنسیوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس دوران انتظامات مکمل کرلیے جائیں گے۔ جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ ’کیا الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری سے بھاگ رہا ہی ، جواب میں سجیل سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اختیار ہے کہ الیکشن پروگرام کے تحت تاریخ آگے کر سکے۔جسٹس اعجاز لاحسن نے ریمارکس دیے کہ الیکشن پروگرام اور الیکشن کی تاریخ 2 الگ الگ معاملات ہیں، قانون بتائیں جس سے صدر یا گورنر کی دی گئی تاریخ کو تبدیل کیا جاسکے۔

 

 

 

سجیل سواتی نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کوئی بھی حکم جاری کرسکتا ہے، ورکرز پارٹی فیصلہ کے مطابق صاف شفاف انتخابات کیلئے وسیع اختیارات ہیں۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ آپ کہہ رہے ہیں اداروں سے معاونت نہیں مل رہی، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری سے کیسے بھاگ سکتا ہے، صاف شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی زمہ داری ہے، انتخابی شیڈول پر عمل شروع ہوگیا تھا، اگر کوئی مشکل تھی تو عدالت آجاتے، الیکشن کمیشن وضاحت کرے کہ الیکشنز 6 ماہ آگے کیوں کردیی کیا ایسے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پورے کرے گا، کیا انتخابات میں 6 ماہ کی تاخیر آئینی مدت کی خلاف ورزی نہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ انتخابات کرانے کا اختیار کس دن سے شروع ہوتا ہے، انتخابی تاریخ مقرر ہونے سے اختیار شروع ہوتا ہے۔سجیل سواتی نے کہا کہ تاریخ مقرر ہوجائے تو اسے بڑھانے کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہے، صرف پولنگ کا دن نہیں پورا الیکشن پروگرام موخر کیا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن پروگرام تبدیل کرسکتا ہے تاریخ نہیں، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن ٹھوس وجوہات پر الیکشن پروگرام واپس لے سکتا ہے۔

 

 

 

 

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ گورنر اور صدر کی دی گئی تاریخ الیکشن کمیشن کیسے تبدیل کر سکتا ہے، آئین میں واضح ہے کہ پولنگ کی تاریخ کون دے گا، کیا الیکشن ایکٹ کا سیکشن 58 آئین سے بالا تر ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ سے رجوع کر کے قائل کرنا چاہیے تھا، آپ آج ہی عدالت کو قائل کرلیں، 8 اکتوبر کوئی جادوائی تاریخ ہے جو اس دن سب ٹھیک ہوجائے گا، 8 اکتوبر کی جگہ 8 ستمبر یا 8 اگست کیوں نہیں ہوسکتی اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ 6 ماہ کا وقت مکمل ہونے کے بعد 8 اکتوبر کو پہلا اتوار بنتا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا پولنگ کی تاریخ الیکشن پروگرام کا حصہ ہوتی ہی ‘، سجیل سواتی نے جواب دیا کہ پولنگ کی تاریخ الیکشن شیڈول کا حصہ ہوتی ہے۔جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ ’صدر کو تجویز کردہ تاریخ کمیشن کی تاریخ سے مطابقت نہیں رکھتی، صدر کو فروری میں ہونے والے اجلاسوں سے کیوں آگاہ نہیں کیا گیا، جب معلوم تھا کہ 30 اپریل کو الیکشن نہیں ہوسکتے تو تاریخ تجویز ہی کیوں کی گئی‘، اس پر سجیل سواتی نے جواب دیا کہ ’معاملہ کی حساسیت کا اندازہ مارچ میں ہوا۔ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے صدر کو آگاہ کرنے سے نہیں روکا‘، اس پر سجیل سواتی نے کہا کہ ’حالات کا جائزہ لینا الیکشن کمیشن کا کام ہے صدر کا نہیں۔جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ الیکشن شیڈول پر عمل کرنے کا کیا فائدہ ہوا جب آج پھر عدالت میں کھڑے ہیں۔

 

 

 

جسٹس منیب نے استفسار کیا کہ اگر صدر تاریخ کا اعلان کردیں تو کیا الیکشن کمیشن انتخابات سے انکار کرسکتا ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’الیکشن کمیشن نے پرانا شیڈول ختم کرکے نیا شیڈول جاری نہیں کیا، الیکشن شیڈول کی بجائے الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کو جھنڈا لگا دیا ہے۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ سیکشن 58 الیکشن کمیشن کو تاریخ بڑھانے کی اجازت نہیں دیتا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ’آپ چاہتے ہیں عدالت 8 اکتوبر کی تاریخ پر مہر لگائے۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے صرف اپنے حکم کا دفاع کرنا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں یہ درخواست گذار نے ثابت کرنا ہے۔چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا 8 اکتوبر کوئی جادوئی تاریخ ہے جو اس دن کچھ نہیں ہوسکتا، کیوں 8 ستمبر یا 8 اگست کی تاریخ نہیں دی جاسکتی، کیوں ان دنوں میں الیکشن نہیں ہوسکتے۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ کیا ایسے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پورے کرے گا، کیا انتخابات میں 6 ماہ کی تاخیر آئینی مدت کی خلاف ورزی نہیں ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بنیادی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کی تشریح ہو گئی ہے، آرٹیکل 218-3 ارٹیکل 224 سے بالاتر کیسے ہوسکتا ہے‘، سجیل سواتی نے کہا کہ آرٹیکل 218-3 شفاف منصفانہ انتحابات کی بات کرتا ہے۔

 

 

 

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شفاف انتخابات نہیں ہوں گے تو کیا ہو گا سجیل سواتی نے جواب دیا کہ الیکشن شفاف نہ ہوں تو جہموریت نہیں چلے گی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ساز گار ماحول کا کیا مطلب ہے کہ کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے، چھوٹی موٹی لڑائی جھگڑے تو ہر ملک میں ہوتے ہیں، اصل معاملہ یہ ہے کہ اسلحہ کا استعمال نہ ہو، اگر معمولی جھگڑا بھی نہیں چاہتے تو ایسا نظام بنائیں لوگ گھر سے ہی ووٹ کاسٹ کریں، سمندر پار پاکستانی ووٹ کا حق مانگتے ہیں، سپریم کورٹ کا حکم بھی موجود ہے، الیکشن کمیشن نے ابھی تک سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کے لیے کچھ نہیں کیا، حکومت سے پوچھتے ہیں کہ 6 ماہ کا عرصہ کم ہو سکتا ہے یا نہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے ابھی تک انتخابات کی تاریخ نہیں دی۔جسٹس منیب نے استفسار کیا کہ نگران حکومت نے گورنر کو تاریخ دینے کا کیوں نہیں کہا ۔ ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا گورنر کیپی نے تاریخ کا اعلان کیا ہی ڈی جی لا الیکشن کمیشن کامران مرتضی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تاریخ سے اگاہ کردیا ہے، گورنر نے 28 مئی کی تاریخ دی تھی،گورنر کے پی نے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے، گورنر کا خط کل موصول ہوا ہے ہدایات کیلئے وقت دیں۔جسٹس منیب اختر نے کہا کہ عدالت نے فوری اور جلد از جلد تاریخ دینے کا کہا تھا، گورنر کے پی نے 8 اکتوبر کی تاریخ کس بنیاد پر دی ہی ، اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز 30 اپریل کو پورے ہورہے ہیں، 90 دن سے کم سے کم آگے کی تاریخ 28 مئی کیسیدی گئی ۔ کامران مرتضی نے کہا کہ (آج) جمعرات کو گورنر خیبرپختونخوا سے ہدایات لے کر آگاہ کروں گا۔

 

 

 

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ پہلے ہی حکمنامے میں کہا تھا کہ گورنر تاریخ نا دے کر آئینی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔چیف جسٹس نے ریماارکس دیے کہ پنجاب کی نگراں حکومت کا الیکشن کی تاخیر پر کیا موقف ہی ، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، صوبے میں پہلے الیکشن ہوئے تو قومی اسمبلی کا انتخاب متاثر ہو گا۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ نگران حکومت اپنی مدت میں توسیع کیسے کر سکتی ہے، اس قسم کا نقطہ نگران حکومت کیسے اٹھا سکتی ہے۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ آئینی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے دلائل دینا میرا حق ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پنجاب میں 20 حلقوں میں انتخاب منتخب حکومت نے کروائے تھے، 20 حلقوں کے انتخاب میں کتنے واقعات ہوئے تھے جن سے انتخابات متاثر ہوئے۔ جسٹس منیب اختر نے استفسارا کیا کہ کیا ہر ضمنی الیکشن کے لیے نگران حکومت لانی پڑے گی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جولائی 2022 میں پنجاب کی بیس نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوئے تھے، عام انتخابات میں نگران حکومت ہونا آئینی ضرورت ہے، یہ اسمبلی وقت سے پہلے تحلیل کرنے کی بھی آئین اجازت دیتا ہے۔

 

 

ڈی جی لا الیکشن کمیشن ارشد خان نے کہا کہ ریکارڈ کا جائزہ لے کر کل آگاہ کروں گا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا پنجاب حکومت اپنی حد تک الیکشن کمیشن کی معاونت کر سکتی ہی ، اس پر ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ ’پولیس اہلکار مصروف ہیں اس لیے افواج کی تعیناتی کا کہا تھا، دستیاب وسائل میں رہ کر معاونت کر سکتے ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت (آج) جمعرات کی صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل دلائل دیں گے۔ نجی ٹی و ی کے مطابق سماعت کے اختتام پر سپریم کورٹ نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے تحریک انصاف سے تحریری یقین دہانی مانگ لی۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ سیاسی قوتوں کے درمیاں تناو سے دیگر ریاستی ادارے متاثر ہو رہے ہیں، عوام میں اداروں کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں، ادارے بول نہیں سکتے اس لیے خاموش رہ کر سنتے ہیں، شفاف الیکشن کے لیے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کا کہا، فیئر پلے ہو تو سپورٹس مین سامنے آتے ہیں ، جنگجو نہیں، غصے کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔

 

 

 

 

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومت کی جانب سے کون یقین دہانی کروائے گا یہ بتائیں،کوئی سینیئر عہدیدار یقین دہانی کروائے تو مناسب ہو گا، عدالتی کارروائی کا مقصد ریاستی کام کو آئین کے مطابق رکھنا ہے، عدالتی کارروائی کسی کو فائدہ دینے کے لیے نہیں، الیکشن کے بغیر جمہوری حکومتیں نہیں آ سکتیں، 2 وزرائے اعلی نے اچھا یا برا اپنا اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار استعمال کیا، آگے بڑھنے کے لیے قدم اٹھانا پڑتے ہیں، وزارت داخلہ اور دفاع سے حالات بہتری کے لیے کم سے کم وقت پوچھ کر بتائیں، 21 مارچ کو ایک برگیڈیئر کی شہادت ہوئی، پشاور مسجد میں دھماکا ہوا، انتخابات 2 دن بھی ہو سکتے ہیں، اگر ایک دن ممکن نہ ہوں۔

close