سپریم کورٹ کا نئے رولز بنانے تک ازخود نوٹس کے تحت چلنے والے تمام کیسز ملتوی کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(پی این آئی) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نئے رولز بنانے تک ازخود نوٹس کے تحت چلنے والے تمام کیسز ملتوی کردیئے ہیں۔ فیصلہ حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے از خود نوٹس میں دو ایک کے تناسب سے جاری کیا گیا۔

بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علاوہ جسٹس امین الدین اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔فیصلے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کو خصوصی بینچ بنانے کا اختیار نہیں ہے، سپریم کورٹ رولز میں چیف جسٹس کو اسپیشل بینچ بنانے کا اختیارنہیں، اسپیشل بینچ میں مختلف بینچز سے ایک ایک جج کو شامل کیا گیا، عدالتی وقت ختم ہونے کے وقت کیس سماعت کیلئے مقررکیا گیا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اراکین پارلیمنٹ کے انتخاب کے وقت ان کا احتساب کرتے ہیں، اراکین پارلیمنٹ الیکشن میں عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں، قوانین کے تحت بیوروکریسی حکومت کو جوابدہ ہوتی ہے، عدلیہ اس طرح کسی کو بھی جوابدہ نہیں ہے۔بینچ میں جسٹس شاہد وحید نے فیصلے سے اختلاف کیا اور نوٹ میں لکھا کہ جن معاملات پرفیصلہ دیا گیا وہ ہمارے سامنے ہی نہیں تھے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کا ازخود نوٹس کیس بھی زیر سماعت ہے جس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔

close