جہانگیر ترین کا سیاست میں دوبارہ متحرک ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا گروپ ملکی سیاست میں دوبارہ متحرک ہوگیا۔جہانگیر ترین گروپ نے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کیلئے سر جوڑ لیے اور جہانگیر ترین کی سربراہی میں گروپ کا مشاورت اجلاس ہوا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض، وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری، نعمان لنگڑیال، اسحق خاکوانی، اجمل چیمہ سمیت ترین گروپ کے سابق ارکا ن پنجاب اسمبلی بھی شریک ہوئے۔پی ٹی آئی ترین گروپ کے ارکان قومی اسمبلی نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے نئے چہرے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔جہانگیر ترین نے گروپ کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا اور اجلاس میں ملکی سیاست میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔گروپ کے کچھ ارکان نے تحریک انصاف نظریاتی کے نام سے سیاسی شناخت بنانے کی تجویز دی۔اجلاس میں تحریک انصاف کے مزید سابق ارکان اسمبلی اور رہنمائوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ملکی سیاست میں ترین گروپ بھرپور کردار ادا کرے گا اور ملکی سیاست پر نظر رکھتے ہوئے مزید اجلاس بھی کیے جائیں گے۔اجلاس میں شرکاء کی رائے تھی کہ عمران خان کی پالیسیوں نے پارٹی کو تباہی سے دوچار کردیا، پارٹی کے بڑی تعداد میں رہنما عمران خان کی سیاست سے علیحدگی اختیار کرنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے اشرف رند نے جہانگیر ترین کے ساتھ کسی میٹنگ میں شرکت کی تردید کی ہے۔ اشرف رند نے کہا کہ وہ ملتان میں تھے،اب بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، اسی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں جہانگیر ترین کے ساتھ کسی میٹنگ میں شریک نہیں ہوا،پرانی ویڈیو ریلیز کرکے مخالفین میری کردار کشی کر رہے ہیں۔اشرف رند نے کہا کہ ویڈیو اس وقت کی ہے جب جہانگیر ترین پارٹی کے جنرل سیکرٹری تھے۔

close