سستے، فوری انصاف کی فراہمی کیلئے صدر عارف علوی نے نسخہ بتا دیا

سکھر(آئی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا ہو گا۔سکھر میں وفاقی محتسب انشورنس ریجنل آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انصاف کرنا بہت بڑی نیکی ہے، لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اس ادارے نے قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں لوگ انصاف کی فراہمی کو تیز کرنے اور مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، حالیہ سالوں میں پاکستان میں بھی وفاقی محتسبین کی مدد سے سائلین کے مسائل کے حل میں تیزی آئی ہے، بینکنگ صارفین کے مسائل ہوں یا ملکی مسائل، ان کے فوری حل اور بروقت فیصلوں سے ہی لوگوں کی شکایات کا ازالہ ہوگا۔عارف علوی نے کہا کہ اگر ہم ایگری کلچر انشورنس پر توجہ دیتے توحالیہ سیلاب کی وجہ سے کسانوں اور زمینداروں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کر سکتے تھے، ملک کے تمام سیکٹرز میں انشورنس کے رجحان کو بڑھانا ہو گا۔صدر مملکت نے کہا کہ سکھر میں وفاقی محتسب کے کئی ادارے موجود ہیں مگر عوامی سطح پر لوگوں کو ان کا علم نہیں ہے، اس ادارے میں موجود افسران کو اپنے کام اور کارکردگی کو میڈیا میں لانا چاہئے کیوں کہ یہ دور سوشل میڈیا اورکمیونی کیشن کا دور ہے۔

close