عمران خان کی تقریر پر پابندی کیخلاف پی ٹی آئی کا بڑا اعلان

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر پر پابندی کے حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ہیغام میں انہوں نے کہا کہ حکومت مکمل گھبرا چکی ہے، عمران خان کی آواز دبانے کی ایک اور مذموم کوشش میں آج امپورٹڈ حکومت نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات کو ٹی وی پر چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے، ہم اس حکم کو عدالت میں چیلنج کریں گے، میڈیا اس حکم کو خود بھی چیلنج کرے۔خیال رہے کہ پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی عائد کردی، پیمرا نے عمران خان کی تقاریر اور بیانات پرپابندی سے متعلق سیٹلائٹ چینلز کو احکامات جاری کیے ہیں، اس حوالے سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کےخلاف بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، عمران خان کی تقاریر و بیانات پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔پیمرا کا نوٹی فکیشن میں کہنا ہے کہ عمران خان کی تقاریر براہ راست یا ریکارڈڈ نہیں چلائی جائیں گی کیوں کہ عمران خان کی گفتگو سے امن وامان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے، عمران خان اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے ریاستی اداروں، افسران کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں، عمران خان کا بیان، گفتگو یا خطاب لائیو یا ریکارڈ ٹی وی چینلز نشر نہیں کر سکتے۔

ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے اندیشے کے باعث کارکنوں کو رات 10 بجے تک زمان پارک کے باہر رہنے کی ہدایت کردی گئی، لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد کارکنوں کو 10 بجے تک زمان پارک کے باہر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس حوالے سے ہونے والے اعلانات میں کہا گیا کہ آپ جانباز اسکواڈ ہیں، رات دس بجے تک باہر رہنا ہے، امپورٹڈ حکومت چاروں طرف سے پولیس لے کرآگئی ہے لہٰذا اندیشہ ہے گرفتاری کریں، اس لیے آپ نے رات دس بجے تک رہنا ہے پھر لاہور کے دوست آجائیں گے۔

close