اہم وزیر کو کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ

پشاور (پی این آئی) صوبہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر خوشدل خان کو کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعلیٰ اعظم خان نے محکمہ قانون کو معاملے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر خوشدل خان ملک کو سرکاری ملازمت کے باعث کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے محکمہ قانون نے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ کو بھجوا دی، جس میں محکمہ قانون نے رائے دی ہے کہ خوشدل خان سرکاری ملازم ہیں اور نگران کابینہ کا حصہ نہیں ہوسکتے۔اس حوالے سے اپنے موقف میں نگران صوبائی وزیر خوشدل خان ملک نے کہا کہ اپنے ڈی نوٹیفائی ہونے کا علم نہیں، اسلام آباد میں چند میٹنگز کے لیے آیا ہوا ہوں، وزیراعلیٰ جو فیصلہ کریں گے وہ قبول کروں گا۔خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں نگران کابینہ نے گزشتہ ماہ حلف اٹھایا تھا، نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان اور گورنر غلام علی کے درمیان طویل ملاقات کے بعد کابینہ کے حوالے سے اتفاق رائے ہوا تھا، نگران کابینہ میں سیاسی جماعتوں اور ٹیکنو کریٹس کو نمائندگی دی گئی، جس کے تحت نگران کابینہ کیلئے 12 وزرا اور 3 ایڈوائزر کی تقرری کی گئی جب کہ خود اپنی تشہیر اور لابنگ کرنے والی کئی شخصیات کو اخری وقت میں فہرست سے نکال دیا گیا۔

close