ایل پی جی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) ایل پی جی کی قیمت میں 100 روپے تک کا خودساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیاہے کہ ملک میں پیٹرول ڈیزل کے مصنوعی بحران کے بعد ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں70 سے100 روپے تک کا خودساختہ اضافہ کر دیا گیا۔ مختلف شہروں میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 310 روپےتک پہنچ گئی۔دوردراز پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی 360 روپےفی کلومیں فروخت ہونے لگی۔ گلگت بلتستان میں ایل پی جی 410 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں خودساختہ اضافےکا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر مملکت پیٹرولیم قیمتوں میں خود ساختہ اضافے پر مافیا کیخلاف ایکشن لیں۔ایل پی جی کا گھریلوسلینڈر مختلف شہروں میں 3ہزار 658 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔اوگرا کی جانب سے جنوری کیلئے ایل پی جی کی فی کلوقیمت 204 روپے مقرر ہے اور ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت 2ہزار 412 روپے مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک کے کئی شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کے مصنوعی بحران پر چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔ اوگرا نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کیلئے مراسلہ لکھا ہے۔اوگرا کے مطابق مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کی فہرست فراہم کردی، مصنوعی بحران میں مارکیٹ انٹیلیجنس کے ذریعے فہرستیں مرتب کی گئیں۔ اوگرا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں غیرقانونی اسٹوریج، گوداموں پر چھاپوں کی ہدایت کر دی۔ صوبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور اسٹوریجز چیک کرنے کیلئے انفورسمنٹ ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں ہیں۔

close