عمران خان کو نااہل کیا گیا تو وہ مزید طاقتور ہوجائیگا، سینئر صحافی کا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی)تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو نا اہل کیا گیا تو وہ مزید طاقتور ہو جائیں گے ا ور پھر جس کو بھی انتخابات میں کھڑا کریں گے اس کو ووٹ مل جائیں گے۔

اسی طرح ماضی میں نواز شریف کو جب نا اہل کیا گیا تھا تو پنجاب میں مسلم لیگ ن مضبوط ہوئی تھی اور بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کیے تھے ،اس وقت اگر تحریک انصاف کے ساتھ اتحادی نہ ملتے تو وہ نہ وفاق میں اور نہ ہی پنجاب میں حکومت بنا پاتی ۔ان کا کہنا تھا کہ اب یہ سوچنا ہو گا کہ نا اہلی سے کسی کو بھی سیاسی نقصان نہیں پہنچا یا جا سکتا ، جس طرح نواز شریف کی نا اہلی سے انہیں سیاست سے باہر نہیں کیا جا سکا اسی طرح عمران خان کوبھی نا اہل کر کے سیاست سے باہر نہیں کیا جا سکتا ۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ جیل بھر و تحریک پی ٹی آئی کے پاس آخری آپشن ہے ،اب دیکھنا ہے کہ تحریک انصاف اس آپشن کو کس طرح استعمال کرتی ہے ۔مظہر عباس نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر سے تحریک انصاف کو فائدہ اور حکومت کو نقصان ہو رہا ہے ، مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی اور نہ ہی مستقبل قریب میں مہنگائی کنٹرول ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔ اس سب کا فائدہ تحریک انصاف کو ہو رہا ہے ۔

close