جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں، پرویز خٹک بھی میدان میں آگئے

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں، چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا پی ڈی ایم انتقامی کارروائی کر کے اپنے لیے مزید مسائل پیدا کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کےبعد شیخ رشید کی گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے۔

دوسری جانب فواد چوہدری بھی حکومت پر برس پڑے، جہلم میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ من گھڑت مقدمات کے ذریعے پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ہر وقت حاضر ہیں، ملکی حالات کا واحد حل عام انتخابات ہیں۔