اسلام آباد (پی ا ین آئی) الیکشن کمیشن نے عمران خان کو طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 11 جنوری کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے،الیکشن کمیشن نے طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف مقررہ تاریخ کو ذاتی یا وکیل کے ذریعے پیش ہوں۔
نا اہلی کے باوجود آپ پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں،الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہو کر وضاحت دیں۔الیکشن کمیشن نے نوٹس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اثاثوں کے بارے میں غلط بیانی پر عمران خان کو نااہل کیا گیا،نااہل شخص پارٹی سربراہ نہیں رہ سکتا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کو ممکنہ طور پر پارٹی چیئرمین عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف تادیبی کارروائی سے روکا۔عدالت نے 11 جنوری کیلئے تمام فریقین سے جواب طلب کیا۔لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست سماعت کیلئے منظور کی اور چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف شکایت کنندہ ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کئے۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نا اہلی کی بنیاد پر پارٹی عہدے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار اداراہ ہے عدالتوں کا کام تشریح کرنا ہے،قانون آتا ہے تو ترمیم آتی ہے۔
لاہورہائیکورٹ نے عمران خان کے وکیل کو مختلف عدالتوں کے فیصلے پڑھنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ چیئرمین عمران خان میانوالی سے ایم این اے منتخب ہوئے،جسٹس جواد حسن نے وکیل سے استفسار کیا کہ عمران خان ابھی ایم این اے ہیں یا نہیں؟ جس پر بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو جواب دیا کہ عمران خان اب سابق ایم این اے ہیں،عمران خان اپنی نشست سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں