وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو تمام فیصلوں کا اختیار مل گیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی نے چوہدری پرویز الہیٰ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تمام فیصلوں کا اختیار دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور مسلم لیگ قائداعظم کے پارلیمانی لیڈر ساجد بھٹی کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔مسلم لیگ( ق) کی پارلیمانی کمیٹی نے چوہدری پرویز الہیٰ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تمام فیصلوں کا اختیار دے دیا اور کہا کہ پرویز الہیٰ کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی متحد و یکجان ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے فیصلہ کیا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی صورت میں وزیر اعلی پرویزالٰہی، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی سپیکر واثق قیوم کو ووٹ دیں گے۔اراکین نے فیصلہ کیا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے تھے اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ مسلم لیگ( ق) کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ پرویزالٰہی ہمارے لیڈر ہیں، پوری پارلیمانی، سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ پرویزالٰہی کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’اختلافات کا پروپیگنڈہ کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے‘۔پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ قائداعظم ایم پی اے ساجد بھٹی، حافظ عمار یاسر، شجاعت نواز، محمد عبداللہ وڑائچ، محمد رضوان، احسان الحق، محمد افضل، خدیجہ عمر اور باسمہ چودھری جبکہ ایم این اے حسین الٰہی نے شرکت کی۔دوسری جانب پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ قائداعظم متحد ہے اور متحد رہے گی۔ افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں، عمران خان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیتے رہیں گے۔

close