ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کی زرتاج گل کو یقین دہانی

لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ 13 جماعتوں کا اتحاد عمران خان کے لئے ریت کی دیوار ثابت ہوا، ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کو ناکامی ہوگی۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی سے سابق وفاقی وزیر زرتاج گل وزیر نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، 13 جماعتوں کا اتحاد اکیلے عمران خان کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا ہے، ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں عوامی نمائندوں کی مشاورت یقینی بنائی گئی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ترقی ڈیرہ غازی خان کے عوام کا حق ہے،عوام کو یہ حق ضرور دیں گے، سردار فتح محمد خان بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی عوامی فلاح وبہبود کا منصوبہ ہے، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹروں کو سپیشل الانس دینے کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوسکیں گے۔اس موقع پر زرتاج گل نے کہا کہ عوام کی خدمت اور فلاح کا قابل قدر ویژن رکھتے ہیں، چودھری پرویزالہی ڈی جی خان کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مخلص اور متحرک ہیں۔۔۔۔

close