پرانے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ رکھنے والوں کیلئے اہم خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)شہری ہوجائیں ہوشیار خبردار، اسٹیٹ بینک نے پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے کرنسی نوٹ تبدیل کرانے کی آخری مہلت سے متعلق اعلان کردیا۔وفاقی حکومت نے گزٹ نوٹیفکیشن F.No.2(1)IF-III/2010 بتاریخ 23 دسمبر 2021 ء کے ذریعے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے کرنسی نوٹوں کے تبادلے کی آخری تاریخ ایک سال تک بڑھا دی تھی۔

 

 

پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے کرنسی نوٹ رکھنے والوں کو آخری موقع دیا گیا تھا کہ وہ 31 دسمبر 2022 ء تک ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (بی ایس سی) کے فیلڈ دفاتر پر جا کر ان نوٹوں کو تبدیل کرا لیں۔اب ایک بار پھر زور دے کر کہا گیا ہے کہ نوٹ تبدیل کرانے کی یہ آخری تاریخ ہے، آخری تاریخ کے بعد یہ کرنسی نوٹ ایس بی پی، بی ایس سی کے کاؤنٹرز پر بھی تبدیل نہیں کرائے جا سکیں گے اور اس طرح ان کی قدروقیمت ختم ہو جائے گی۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عوام سے درخواست ہے کہ اگر پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے کرنسی نوٹ ان کے پاس ہیں تو وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ایس بی پی، بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر سے انہیں 31 دسمبر 2022 ء تک تبدیل کرائیں، تاکہ بچت کیے ہوئے ان نوٹوں کی قدروقیمت محفوظ بنائی جاسکے۔

close