مسلم لیگ ن کی سابق صدر اور سینئر پارلیمنٹیرین انتقال کرگئیں

راولپنڈی (پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سابق صدر سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید طویل علالت کے بعد 78 برس کی عمر میں وفات پاگئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بیگم نجمہ حمید پاکستان مسلم لیگ کی رہنما رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بڑی بہن اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ تھیں۔ متوفیہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور راولپنڈی میں پارٹی کی پہچان تھیں۔ وہ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر بھی رہیں۔

نجمہ حمید دو بار وہ سینٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں۔ انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتہائی قریب سمجھا جاتا تھا،بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد کے موقع پر بیگم نجمہ حمید نے ان کے ہمراہ بھرپور سیاسی جدوجہد میں حصہ لیا۔وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رکن بیگم نجمہ حمید کے انتقال پر دکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

رانا ثنا للہ نے کہا کہ بیگم نجمہ حمید کی رحلت پر دلی رنج ہوا، وہ مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما اور سابق سینیٹر تھیں۔وفاقی وزرا نے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے بھی دعا کی۔مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں۔ بیگم نجمہ کی نماز جنازہ آج راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

close