گورنر پنجاب نے پنجاب میں گورنر راج لگانے سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

لاہور (پی این آئی) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ گورنر راج کا آپشن موجود ہے،وقت آنے پر فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک لانا اپوزیشن کا اختیار ہے۔میں وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا بھی کہہ سکتا ہوں۔گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ نواز شریف صحت بہتر ہونے پر وطن واپس آئیں گے۔ پاکستان میں بہت سی چیزیں بہتری کی جانب جا رہی ہیں۔جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لیے حکومتی اتحاد کی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف آج صبح ہی دارالحکومت اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔ن لیگ کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس بلا لیا۔شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پرہوگا۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔اجلاس میں شہبا زشریف گذشتہ شب نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والے ورچوئل اجلاس کی سفارشات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔وزیراعظم کا لاہور میں قیام دو سے تین روز پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔جبکہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ چکی ہے۔پنجاب اسمبلی تحلیل کے اعلان پر قانونی ماہرین نے تفصیلی رائے دی۔ اجلاس کے شرکاء کو آئینی آپشن استعمال کرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا،لیگی اعلٰی قیادت نے عمران خان کے بیان کو سیاسی قرار دے دیا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عمران خان کا بیان فیس سیونگ کیلئے ہے،لیگی وزرا نے کہا کہ عمران خان بلیک میل کر کے مذاکرات کی راہ تلاش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں عمران خان کے ساتھ پیشگی شرط پر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ پیشگی شرائط کے بغیر پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔

close