پنجاب میں گورنر راج لگانے کی دھمکی دیدی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر قانون کا وفاق کے محاصرے کی صورت میں پنجاب میں گورنر راج لگانے کا عندیہ، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی وفاق کو نفری نہ دینے کی صورت میں صوبوں کیخلاف کاروائی کی وارننگ دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی حکومت کو گرانا یا حکومت کو ہٹانے کیلئے غیر آئینی قدم اٹھانا جرم ہے۔

 

 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تحریک انصاف نے وفاق کا محاصرہ کیا تو پھر اس صورت میں پنجاب میں گورنر راج لگانے پر غور کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی صوبوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وفاق کی جانب سے طلب کی گئی پولیس کی نفری فراہم نہیں کی گئی تو پھر صوبوں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے آئی جی پنجاب سے 10 ہزار پولیس اہلکار مانگ لئے ہیں۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کو احتیاط برتنے کے لئے سیل کیا تھا جس اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جب خان صاحب آنے کا ارادہ ظاہر کریں گے تو ریڈ زون دوبارہ سیل کر دیں گے۔ تحریک انصاف کے ممکنہ مارچ سے نمٹنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ خان صاحب نے ابھی تیاری پکڑنی ہے ہم مکمل تیار ہیں۔

 

 

آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں مظاہرین پر برسانے کے لئے جدید طریقہ اختیار جائے گا، ڈرون شیلنگ کے استعمال پر بھی غور کیا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہفتے کے روز سے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

close