موجودہ ملکی صورتحال میں ترک صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بڑی مدد کی پیشکش کر دی

اسلام آباد (پی این آئی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا۔وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کہا کہ باوجود اس کے کہ بارش سے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔

 

حکومت متاثرہ علاقوں تک پہنچنے اور لوگوں کو ان کی نقل مکانی اور امداد کی ترسیل میں مدد کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔وزیراعظم نے انسانی بنیادوں پر امداد پر صدر ارد وان کا شکریہ ادا کیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ترکوں کی غیر متزلزل حمایت پر صدر اردگان کا بھی شکریہ ادا کیا۔صدر رجب طیب اردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر تعزیت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ٹیلی گفتگو کے دوران، متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور اچانک سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔

 

متحدہ عرب امارات کے صدر نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔ اس تناظر میں، انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ متحدہ عرب امارات فوری طور پر خیموں اور پناہ گاہوں کے سامان کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ طبی اور دواسازی کا سامان بھی بھیجے گا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو ملک میں مون سون کی غیر معمولی بارشوں سے ہونے والی ملک گیر تباہی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحدہ عرب امارات کی ہلال احمر اور خلیفہ بن زید فاؤنڈیشن کے جاری امدادی کاموں کا بھی اعتراف کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں حکومت کی کوششوں کی حمایت کے لیے متحدہ عرب امارات کی بروقت مدد پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔

close