آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر اندر دعا کا مبینہ شوہر ظہیر احمد جیل میں ہوگا، جبران ناصر کا مطالبہ

کراچی (پی این آئی)دعا زہرا کے والد کے وکیل جبران ناصر کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر اندر دعا کا مبینہ شوہر ظہیر احمد جیل میں ہوگا۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ دعا زہرا کی نئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی عمر 15 سال کے قریب ہے یعنی پورے 15 سال کی بھی نہیں۔نئی میڈیکل رپورٹ کے بعد اب میں سندھ پولیس سے توقع کرتا ہوں کہ کل دوپہر تک ظہیر احمد پولیس کی گرفت میں ہوگا۔

 

اس پر اغوا کا کیس ہے۔ظہیر احمد کو بار بار بلواتے رہے ہیں، پولیس اور آئی او صاحب مسکرا کر ظہیر کے ساتھ تصویریں بنواتے رہے ہیں۔جبران ناصر نے مزید کہا کہ دو ہفتے قبل پولیس کے اعلی حکام نے کہا تھا کہ اس کیس میں کچھ نہیں ہے۔اس کیس کو بند کر دیا گیا تھا۔آج میڈیکل رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ اس کیس کی صحیح سے تفتیش ہی نہیں کی گئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیس پولیس نے ختم کیسے کر دیا۔یہ کیس سندھ پولیس اور سندھ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔یہ صاف اغوا اور چائلڈ میرج کیس ہے۔ دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی ہے جس میں لڑکی کی عمر 15 سی16سال کے قریب قرار دی گئی ہے۔

 

دعا زیرا کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پر محکمہ صحت سندھ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لیے 10 رکنی بورڈ تشکیل دیا تھا۔میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کے لئے ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے، خون کے ٹیسٹ اور جسمانی معائنے سمیت دیگر ٹیسٹ کئے تھے۔میڈیکل بورڈ کی سربراہ پروفیسر صبا سہیل کی جانب سے سربمہر میڈیکل رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ آفتاب احمد بگھیو کی عدالت میں جمع کرادی۔میڈیکل بورڈ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ سیل ہے۔ دو روز قبل سروس اسپتال میں 10 رکنی میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کا طبی معائنہ کیا۔ ذرائع نے بتایاکہ میڈیکل رپورٹ میں دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔دعا زہرا کی عمر ڈینٹل ایگزمینیشن کے مطابق 13 سے 15 سال کے درمیان میں ہے۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیاہے کہ ریڈیولوجیکل معائنے کے مطابق دعا زہرا کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے۔میڈیکل بورڈ کی اتفاق رائے کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔حتمی رپورٹ پر چیئرمین سمیت 10 ممبران کے دستخط موجود ہیں۔

 

میڈیکل بورڈ نے مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر کو میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں جبران ناصر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق دعا زہرا کی عمر 15 سال کے قریب ہے جو پچھلی میڈیکل رپورٹ کی نفی کرتی ہے جس میں دعا کی عمر 17 سال بتائی گئی تھی۔مہدی کاظمی کے وکیل نے کہاکہ نئی عمر کے تعین کا مطلب ہے کہ اس معاملے میں اغوا، کم سن بچوں کی شادی، اور جنسی جرائم کے جرائم کی تمام دفعات لاگو ہوتی ہیں۔

close