عمران خان کی رہائش گاہ سے جاسوسی کے الزام میں پکڑا جانے والا کون نکلا؟ تشدد کس نے کیا؟ شہباز گل نے کون سی اشیاء قبضے میں لے لیں؟

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ سے مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں پکڑے جانے والے ملازم کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ بنی گالہ کے بیریئر سے پولیس کے حوالے کیا گیا شخص عاشر سیکٹر جی 8 کا رہائشی ہے، وہ بطور خاکروب 5 سال سے بنی گالہ ہاؤس کا ملازم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، شہباز گل یا بنی گالہ ہاؤس سے کسی نے اس شخص سے متعلق معلومات نہیں دیں۔

اس شخص نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گل اور عمران خان کے ملازمین نے دو روز سے حبس بےجا میں رکھا ہوا تھا، عمران خان کی رہائش گاہ پر تعینات گلگت بلتستان پولیس کے اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مزکورہ شخص کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ موبائل، شناختی کارڈ شہباز گل نے واپس نہیں کیا۔ اسلام آباد پولیس حکام کے مطابق عمران خان کے کسی نمائندے یا پی ٹی آئی رہنما نے واقعے سے متعلق پولیس کو کوئی اطلاع یا درخواست نہیں دی،

عمران خان یا ان کے ملازمین درخواست نہیں دیتے تو پولیس کیسے کوئی کارروائی کرسکتی ہے۔ مقامی پولیس حکام کا کہنا تھا کہ یہ شخص تشدد، موبائل اور پرس وغیرہ واپس لینے کی درخواست دے تو کارروائی کریں گے، بنی گالہ ہاؤس میں تعینات ملازمین کی لسٹ ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملازمین کی لسٹ دینے کے حوالے سے عمران خان سے متعدد بار درخواست کی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بنی گالہ ہاؤس میں کام کرنے والے ملازمین کی شناخت ایک چیلنج ہے، جب تک ملازمین کی مکمل لسٹ فراہم نہیں کی جاتی ان کا بیک گراؤنڈ معلوم نہیں کیا جاسکتا۔۔۔۔

close