آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز، وزیراعظم شہباز شریف کو احتساب عدالت سے بڑی خوشخبری مل گئی

لاہور(پی این آئی) احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز میں وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظورکرلی ہے لاہورکی احتساب عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی. وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے عدالت میں جمع درخواست میں کہا گیا کہ جب بھی عدالت نے طلب کیا اپنی پیشی یقینی بنائی، یہ میرا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی، اب میرے کندھوں پر بڑی بھاری ذمہ داری ہے، قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دی ہے.

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی نیب نے مخالفت کی نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو مستقل حاضری معافی دینے کی ٹھوس وجوہات نہیں، شہباز شریف کا حاضری معافی کی درخواست میں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں دیا گیا. اس دوران شہباز شریف روسٹرم پر آگئے، انہوں نے کہا کہ عدالت کے سامنے کچھ حقائق سامنے رکھنا چاہتے ہوں، میں نے کبھی بلاجواز حاضری معافی کی درخواست دائر نہیں کی، میں اس عدالت کے حکم پر فوری پیش ہوتا رہا ہوں مجھے اللہ تعالیٰ نے بڑی ذمہ داری سے نوازا ہے.وزیراعظم شہباز شریف نے فاضل جج کو ترقیاتی کاموں پر مبنی کتابچہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر 15کروڑ روپے سے نالا تعمیر کرانے کا الزام ہے، ایسے کروڑوں روپے کے نالے میں نے پورے پنجاب میں بنوائے، میرے ترقیاتی کاموں کے حقائق آپ کے سامنے ہیں، مجھے 15 یا 18 کروڑ کی کرپشن کرنی ہوتی تو یہ کام نہ کرتا. نیب پراسیکیوٹر نے فاضل جج سے شکوہ کیا کہ میرے پاس یہ کتابچہ نہیں ہے جج صاحب، شہباز شریف نے پراسیکیوٹرکو جواب دیا کہ یہ بھائی آپ لے لو ،آپ پڑھ بھی لو شہباز شریف نے کہا کہ سال 2014,15 میں ایک صوبے نے گنے کی قیمتیں کم کردیں مجھے قیمتیں کم کرنے کا کہا گیا مگر میں نے گنے کی قیمتیں کم نہیں کیں،گنے کی قیمت مقرر کرتے وقت شوگرملز کے بجائے کاشت کار کے مفادات کو مدنظر رکھا.فاضل جج نے شہباز شریف سے استفسار کیا کہ لگتا ہے کہ آپ نے یہ کتابچہ مجھ سے سارا آج ہی پڑھالینا ہے،

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں میں صرف دو منٹ میں دلائل مکمل کر رہا ہوں انہوں نے کہا کہ مجھے آئی ایم ایف کے وفد اور دیگرعالمی وفود سے ملاقات بھی کرنی ہوتی ہے، مجھے قومی ذمہ داریاں اداکرنی ہیں، آپ میری حاضری معافی کی درخواست مسترد کریں گے توپھرپیش ہوجاؤں گا میں آپ کے حکم کا تابع ہوں میں بیرون ملک تھا تو کورونا کے دنوں میں آخری فلائٹ پر وطن واپس آیا میں نے کبھی بلاجواز حاضری معافی کی درخواست دائر نہیں کی.عدالت نے شہباز شریف کو کمرہ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی جس کے بعد وہ عدالت سے روانہ ہوگئے بعد ازاں عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ سنادیا.

close