پیٹرول کی قیمتیں بڑھتے ہی پبلک ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں کتنا اضافہ کر دیا؟ عوام شدید پریشان

لاہور (پی این آئی) پبلک ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں ایک ساتھ 25 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی بھی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کرنے کیلئے کمر کس لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے ورنہ 22 فروری کو ملک بھر میں ہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔ جبکہ گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 20 سے 25 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کرایوں میں اضافے کا باقاعدہ اور حتمی اعلان ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا۔دوسری جانب معاون خصوصی سیاسی امور شہباز گل نے پیٹرول کی قیمت میں 12روپے اضافہ ہوا ہے، پیٹرول قیمت میں اضافہ سے ہم بالکل خوش نہیں۔ اسی طرح وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے عوام کو کم سے کم پیٹرول استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیٹرول بناتا یا ہمارے پیٹرول کے کنوئیں ہوتے تو پھر اور بات تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے عوام کو مشورہ دیا کہ ہمیں جہاں تک ممکن ہو کم فیول استعمال کرنا چاہیے، پاکستان پیٹرول بناتا یا ہمارے پیٹرول کے کنوئیں ہوتے تو پھر اور بات تھی، عالمی مارکیٹ میں قیمتیں 95 ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں کوئی ٹیکسز نہیں ڈال رہی۔ انہوں نے کہا کہ سخت وقت میں زندگی نارمل نہیں رہ سکتی اور حکومت کس کس چیز کو سبسڈائز کرے، ہماری حکومت کی ترجیح کھانے پینے کی چیزوں پر سبسڈی دینا ہے، کورونا اور مہنگائی عالمی ہے لہٰذا ہمیں اس میں خود کو ایڈجسٹ کرنا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزارت سائنس کی کوشش ہے بجلی کم خرچ ہو، بجلی کم خرچ ہوگی تو آئل کی امپورٹ کم ہوگی۔

close