تحریک عدم اعتماد یا نئے انتخابات؟ مسلم لیگ (ن)دو حصوں میں تقسیم ہو گئی

ملتان (پی این آئی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دو حصوں میں بٹ چکی ہے ، ایک دھڑا تحریک عدم اعتماد جبکہ دوسرا عام انتخابات کا انعقاد چاہتا ہے ۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے ، اگر تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو سیاسی طور پر اس کا مقابلہ کریں گے ، لیکن اپوزیشن کی صفوں میں یکسوئی نظر نہیں آرہی ، خود مسلم لیگ( ن )میں دو دھڑے ہیں ۔

یہ لوگ چودھری برادران سے ووٹوں کی بھیک مانگنے کیوں گئے ؟، ووٹ مانگنے جانا خود مسلم لیگ (ن) کے ووٹ کو عزت دو کے بیانے کی نفی ہے ، ان کا بیانیہ کل دفن ہوگیا ۔وزیر خارجہ نے بجلی مہنگی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بجلی مہنگی ہوئی ہے ، لیکن وجہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں کئے گئے مہنگے معاہدے ہیں ، ہم تحریک انصاف کو سندھ میں لے کر جائیں گے ۔ بلاول ملتان آیا تھا اب میں لاڑکانہ آرہا ہوں ، بلاول کے سوالوں کاجواب ان کے گھر آکر دوں گا،ہم سندھ کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔

close