حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد۔۔اپوزیشن نے نمبر گیم پوری کر لینے کا دعویٰ کر دیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہےکہ اپوزیشن کی نمبر گیم پوری ہے بس سمجھیں کہ حکومت جانے والی ہے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے، آپ سمجھیں حکومت جانے کی تیاری میں ہے،اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری ہے، تحریک عدم اعتماد پر سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 مہینے بہت اہم ہیں، عمران خان کیلئے ایک کے بعد ایک بحران آئے گا، اسی سال عام انتخابات بھی ہو سکتے ہیں۔رہنما پی پی پی نے کہا کہ دو ماہ بہت اہم ہیں، عمران خان ایسے فیصلے کروائیں گے جو مستقبل میں ان کیلئے مسائل پیدا کرسکتے ہیں، میں خلائی مخلوق پر یقین نہیں رکھتا، لیکن معاملات سنگین نظر آرہے ہیں، اسی سال عام انتخابات ہوسکتے ہیں۔مشیرزراعت سندھ منظور وسان کا کہنا تھا کہ عمران خان کیلئے23 مارچ تک دن بہت اہم ہیں ، ہوسکتا ہے تحریکِ عدم اعتماد سے پہلے وزیراعظم اسمبلی تحلیل کردیں۔ منظور وسان نے پیشگوئی کی کہ اپوزیشن کے آپس کے اختلافات اپنی جگہ لیکن تحریک عدم اعتماد پر سب متفق ہیں اور حالات سے لگتا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، لیکن مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اس تحریک سے پہلے ہی عمران خان اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں۔اور آج ادھر ادھر گھومنے والے کل جیل میں بھی ہوسکتے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کیا 23 مارچ کی پریڈ میں عمران خان بطور وزیراعظم شریک ہوں گے ؟ جس پر منظور وسان نے کہا ممکن ہے عمران خان کی جگہ کوئی اور شرکت کرے۔ میڈیا ٹاک کے دوران ایک صحافی نے منظور وسان سے سوال کیا کہ اس سب کے پیچھے کون ہے جو ڈوریاں ہلا رہا ہے؟ جس پر پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما منظور وسان نے جواب دیا کہ پیچھے جو ہوتے ہیں وہ نظر نہیں آتے۔

close