جس دن چاہیں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو توڑ لیں گے، پیپلزپارٹی رہنما نے دعوے نے حکومتی صفوں میں ہلچل مچا دی

 اسلام آباد (پی این آئی) سندھ کے وزیر اطلاعات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ ہم جس دن چاہیں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو توڑ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ ہماری مانگے تانگے کی حکومت نہیں ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے پورا زور لگا لیا لیکن ہمارا ایک بندہ نہیں توڑ سکے۔
ہم مناسب وقت کے انتظار میں ہیں اور وقت آتے ہی پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو اپنے ساتھ شامل کر لیں گے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت مستحکم ہے۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کے لوگوں نے بھاری مینڈیٹ دیا ہے جبکہ سندھ میں ہونے والی ضمنی اور کنٹونمنٹ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہو چکی ہے۔صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جب سے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے پی ٹی آئی کے وزرا کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں اور وہ انتہائی پریشان ہیں۔ پی ٹی آئی کا 26 فروری کو گھوٹکی سے کراچی کی طرف مارچ کرنے کی کوئی منطق نہیں ہے اور سوائے پریشانی کے کچھ نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ علی زیدی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں لیکن پارٹی کے اپنے لوگ انہیں اہمیت نہیں دیتے تو ہم کیا اہمیت دیں۔وہ گھوٹکی سے خوشی سے نکلیں لیکن ان کے ساتھ 500 سے زائد افراد نہیں ہوں گے جبکہ بلاول بھٹو جب اسلام آباد کے لیے نکلیں گے تو لاکھوں کا مجمع ان کے ہمراہ ہو گا۔
سعید غنی نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا بجلی مہنگی ہو، ڈالر کی قیمت بڑھے، مہنگائی بڑھے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے اور اس وقت پاکستان میں ہر چیز کی قیمتیں آسمان پر جا رہی ہیں۔ اس طرح تو یہ چور نہیں بلکہ ڈاکوؤں کے سردار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے اے ٹی ایم بین الاقوامی جگادری ہیں اور جب ان کے کرپشن کے فسانے کھلیں گے تو لوگ دنیا کے بڑے بڑے کرپٹ لوگوں کو بھول جائیں گے۔
close