کورونا کا پھیلائو تیز ہو گیا، وہ بڑا ضلع جہاں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کر دیا گیا

مظفر آباد (پی این آئی) مظفر آباد میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کے باعث احتیاطی اقدام کے طور پر مظفرآباد میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکریٹری تعلیم مظفرآباد نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا۔

جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ اسکولز یکم سے سات فروری تک بند رہیں گے اور اس کا اطلاق تمام نجی اسکولوں پر بھی ہوگا۔ واضح رہے کہ کورونا کی پانچویں لہر نے ملک بھر میں پنجے گاڑ لیے ہیں اور روزانہ کئی اموات جب کہ ہزاروں افراد کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔ کورونا کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی صوبوں میں تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے اور کئی تعلیمی اداروں نے آن لائن تعلیمی سلسلہ شروع کردیا ہے۔گذشتہ روز خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاورمیں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرانتظامیہ نے مزید چار اسکول اور ایک ہاسٹل کو بند کردیا تھا۔ بند کئے جانے والے اسکولز میں گورنمٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول یونیورسٹی ٹاؤن، گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری اسکول وڈ پگہ، ورکنگ فاکس سکول حیات آباد، اقرا پبلک سکول ورسک روڈ اور بے نظیر گرلز ہاسٹل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں دن بدن بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 301 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 ہوگئی۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 50 لاکھ 73 ہزار 585 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 ہزار 202 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 95 ہزار 390 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 500 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

close