تحریک انصاف نے مخالفین کی بڑی وکٹ اڑا لی، سیاست کا بڑا نام پی ٹی آئی میں شامل ہو گیا

پشاور (پی این آئی) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے غضنفر بلور کی پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرنے کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غضنفر بلور کا پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ انفرادی ہے، بلور خاندان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اے این پی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ بلور خاندان عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ ہے اور رہے گا، غضنفر بلور کو اس فیصلے پر ایک دن پچھتاوا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غضنفر بلور بھول گئے، ان کے والد پر تشدد کیا گیا، جب وہ سیاست میں بھی نہیں تھے، ہم چاروں بھائیوں نے 4 دہائیوں تک مشکلات اور حالات کا مقابلہ کیا۔ حاجی غلام احمد بلور نے مزید کہا کہ بلور خاندان پارٹی کے لیے 3 جانوں کی قربانیاں دیں لیکن اس قسم کے فیصلے نہیں کیے، بشیر بلور شہید، ہارون بلور شہید اور شبیر بلور شہید جیسی قربانیوں کی مثال ملک میں نہیں ملے گی۔یاد رہے کہ بلور خاندان کے سیاسی وارث غضنفر بلور پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان سے ملاقات میں غضنفر بلور نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش بھی موجود تھے۔ غضنفر بلور مرحوم بشیر بلور اور سابق وفاقی وزیر غلام بلور کے بھتیجے ہیں۔ ترجمان عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخواہ نے کہا کہ غضنفربلور غیر سیاسی ہیں۔

اے این پی میں شامل بلورخاندان پارٹی کےساتھ ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے کسی اہم عہدے پر موجود نہ تھے اور نہ ان کو کوئی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی میں شامل بلور خاندان آج بھی پارٹی کے ساتھ مخلص ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی سے جب تعلق ہی نہیں تو حکمران جماعت تصاویر نکال کر خود کو دھوکہ دے رہے ہیں، غضنفر بلور کو اگر کوئی عہدہ پاکستان تحریک انصاف میں مل رہا ہے تو ہماری طرف سے نیک خواہشات ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ غضنفر بلور پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز کے سرکردہ رہنما بھی ہیں، وہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں۔

close