پاکستان کی ایک اور طویل اور خوبصورت موٹروے کی تعمیر مکمل ہو گئی، افتتاح کی تاریخ بتا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) سی پیک کے تحت ملک کا ایک اور بڑا منصوبہ مکمل ہو گیا، 285 کلومیٹر طویل ڈی آئی خان تا اسلام آباد موٹروے کی تعمیر مکمل، 13 دسمبر کو افتتاح کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والی ڈی آئی خان تا ہکلہ موٹروے 3 سال کی تاخیر کے بعد بالآخر مکمل کر لی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے کی جانب سے سی پیک کے اہم منصوبے ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے کو 13 دسمبر کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، اس اہم منصوبے پر عملی کام 2016 میں شروع ہوا تھا۔285 کلومیٹر طویل 4 لین موٹروے کو ابتدائی طور پر 2018 میں مکمل کیا جانا تھا، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر منصوبہ 3 سال کی تاخیر کا شکار ہوا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سی پیک کے منصوبوں سے نہ صرف فاصلے کم ہوئے بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملے ہیں۔سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی کا ضامن منصوبہ ہے۔مراد سعید نے چین کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اگلے مرحلے کے لیے مغربی روٹ کے اہم ترین منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سوات موٹروے، دیر چترال موٹروے اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے، سی پیک کے مغربی روٹ کی منظوری ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف دیر،سوات، چترال، باجوڑ اور گلگت کو ترقی اور روزگار ملے گا بلکہ یہاں کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ مراد سعید نے کہا کہ پشاور ڈی آئی خان موٹروے کا منصوبہ کوہاٹ ، کرک ، لکی مروت ، ڈی آئی خان، ژوب اور ضم شدہ اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے ان علاقوں کے لوگوں ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

close