این اے 133 ضمنی الیکشن! 64پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آگئے، کون آگے نکل گیا؟

لاہور(پی این آئی) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 64 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جن کے مٍطابق مسلم لیگ ن کی امید وار شائستہ پرویز ملک پہلے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امید وار اسلم گل تھوڑۓ ہی فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق 64 پولنگ سٹیشنز میں شائستہ پرویز ملک نے 9317 جبکہ اسلم گل نے 6909 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ این اے 133 میں پولنگ سٹیشنز کی کل تعداد 254 ہے۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ عام انتخابات میں اس حلقے میں چوہدری اسلم گل ہی پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے۔ سنہ 2018 کے انتخابات میں انہوں نے صرف 5585 ووٹ حاصل کیے اور چوتھے نمبر پر رہے تھے۔ این اے 133 میں صبح آٹھ بجے شروع ہونے والی پولنگ شام پانچ بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔ پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے دو ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ رینجرز کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔اس حلقے میں مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11امیدوار میدان میں ہیں ۔ وفاق اور پنجاب کی حکمران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی امیدوار اس انتخابی دنگل میں حصہ نہیں لے رہا۔

پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراض لگا کر مسترد کر دیے گئے تھے۔ الیکشن ٹریبونل اور ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کے اعتراضات کو برقرار رکھا تھا۔این اے 133 میں ووٹرز کی مجموعی تعداد چار لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔ حلقے میں دو لاکھ 33 ہزار 558 مرد ووٹرز جب کہ دو لاکھ چھ ہزار 927 خواتین کے ووٹ رجسٹرڈ ہیں۔حلقہ این اے 133 کی نشست مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں