سندھ میں 60 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

کراچی (آئی این پی ) تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں 60 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ خرم شیر زمان نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری بیان دینے سے پہلے تھوڑا سندھ پر بھی ریسرچ کیا کریں۔ خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ نابالغ بلاول کے سندھ میں 12 ہزار 4 سو 44 اسکول غیر فعال ہیں،

شرح خواندگی میں سندھ ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں سب سے پیچھے ہے، سندھ میں نااہلوں کی حکومت کا بدترین تعلیمی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صدیوں پرانے نصاب سے سندھ کو ماڈرن صوبہ کیسے بنائے گی؟ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے بجائے بھینسیں اور گدھے موجود ہیں۔ خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ 2013 میں سندھ حکومت کو بچوں کیلئے ماحول دوست 50 اسکول تعمیر کرنے تھے، منصوبہ ایسے غائب ہوا جیسے گدھے پر سے سنگ، سندھ کے 60 فیصد اسکولوں میں بچوں کیلئے بیت الخلا جیسی بنیادی سہولت موجود نہیں ہے۔ تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ بلاول زرداری وفاق پر تنقید کے بجائے وفاق سے سبق حاصل کریں، عمران خان نے یکساں تعلیمی نظام متعارف کیا ہے،

تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔۔۔۔

close