سندھ میں مکمل لاک ڈائون کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مکمل لاک ڈائون کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی واضح ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی ہے کہ صوبے اس ضمن میں انفرادی فیصلہ نہیں کر سکتے۔سندھ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈائون کے نفاذ پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مکمل لاک ڈائون کا کوئی آپشن کسی صوبے کو دستیاب نہیں، کووڈ کے حوالے سے پالیسی وفاق اور این سی او سی جاری کرتے ہیں اور صوبے اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں،پاکستان نے کورونا کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا ہے، اب تک ہم انسانی جانیں بچانے میں بھی کامیاب ہوئے اور ملکی معیشت بھی اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی ہے، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ مکمل لاک ڈائون کے بارے میں وزیراعظم کا موقف ہے کہ اس سے مزدور، دیہاڑی دار اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقات شدید متاثر ہوتے ہیں، اگر سندھ نے ایس او پیز پر عمل کیا ہوتا تو آج کراچی میں صورتحال سنگین نہ ہوتی، چوہدری فواد حسین نے کہاکہ سندھ کو وفاق کا یہ پیغام واضح طور پر دیا گیا ہے کہ انفرادی فیصلے نہیں کئے جا سکتے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا جانا ضروری ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ پاکستان آرٹیکل 151 کے تحت ایک سنگل مارکیٹ ہے، کراچی کی بندرگاہ پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور ایسا اقدام اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے پاکستان کی معاشی شہ رگ متاثر ہو۔سندھ میں مکمل طور پر لاک ڈائون کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جائے گی

close