بد عنوانی کا خا تمہ اولین ترجیح، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، چیئرمین نیب

اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 814ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ نیب کی موجودہ قیادت کے دور میں گزشتہ تین سالوں میں بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے 533 ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ دوسری انسداد بدعنوانی کے اداروں کے مقابلہ میں نیب کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی صدارت میں نیب میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں نیب کی ماہانہ مجموعی کاردکردگی، ملک بھر کی مختلف فاضل احتساب عدالتوں میں نیب کے زیر سماعت ریفرنسز خصوصا میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں بتایا گیا کہ 179میگا کرپشن مقدمات میں سے 66کو معزز احتساب عدالتوں نے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا ہے جبکہ 93بدعنوانی کے مقدمات معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی جلد سماعت کے لئے معزز احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق درخواستیں دائر کی جا رہی ہیں،اجلاس میں بتایا گیا کہ 66میگا کرپشن مقدمات جن کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے ان میں سے 12میگا کرپشن کیسز میں مختلف معزز احتساب عدالتوں نے ٹھوس شواہد اور ثبوتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق مجموعی طور پر ملزمان کو 4.364 ارب روپے کی سزا سنائی،اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ قانون کے مطابق 4میگا کرپشن مقدمات میں ملزمان نے پلی بارگین کی جس کے ذریعے مجموعی طور پر 1.256ارب روپے نیب نے ملزمان سے برآمد کروا کر قومی خزانے میں جمع کروائے،پلی بارگین کی قانون کے مطابق حتمی منظوری معزز احتساب عدالت دیتی ہے، اس وقت 179میگا کرپشن کیسز میں سے 10انکوائریز 11انوسٹی گیشنزکے مراحل میں زیر تحقیقات ہیں جبکہ 93میگاکرپشن کیسز کے ریفرنسز مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 814ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کر کے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جبکہ نیب کی موجودہ قیادت کے دور میں گزشتہ تین سالوں میں بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے 533 ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ دوسری انسداد بدعنوانی کے اداروں کے مقابلہ میں نیب کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیب کے اس وقت 1273بد عنوانی کے ریفرنس ملک کی مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔

close