واحد صوبائی حکومت جس نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

کراچی ( پی این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے وفاق کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عیارانہ اضافہ کرتی ہے ، اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافے کی سمری بھیجی ، کپتان اوگرا کی سمری سے کچھ تناسب کم کرکے اضافہ کردیتے ہیں ، پھر نااہل ترجمان واہ واہ کرتے ہیں کہ کپتان نے اوگرا کی سمری کو مسترد کرکے کم اضافہ کیا۔مشیر وزیراعلیٰ سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اضافہ مہنگائی کے اس دور میں عوام پر ظلم کے مترادف ہے، حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ہے ، خدارا عوام کے غیض و غضب سے بچیں اور اضافہ فی الفور واپس لیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر مزید مہنگائی کا بم گرا دیا ہے ، پٹرول کی قیمت میں5.40 روپے ، ڈیزل 2.54 روپے، مٹی کا تیل 1.39 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ معاون خصوصی شہباز گل نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کو حد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تاہم وزیر اعظم نے اوگرا سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ، ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، کیروسین کی قیمت میں 1.39 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر کی اجازت دی گئی ہے۔

close