عید کے دوران کئے جانے والے لاک ڈاون کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، کورونا وائرس کے پھیلائو میں واضح کمی ہو گئی

پشاور(آن لائن)وزیراعلی محمود خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ عید کے دوران کئے جانے والے لاک ڈاون کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں اور کورونا کیسز میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے عید کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اس دفعہ عید کے دوران گھروں تک محدود رہ کر اور انتظامیہ نے سیاحتی مقامات پر چوکنہ رہ کر کورونا کے پھیلاو کو محدود کردیا ہے۔ورلڈ بینک کی جانب سے احساس پروگرام کی دنیا کے ٹاپ 4 پروگرامز میں شمولیت کو خوش آئند قراردیتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ دنیا ریاست مدینہ کے فلاحی منصوبوں کی گرویدہ ہے اور حکومت حقیقت میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کا سوچتی ہے۔ انہوں نے ترقی پزیر ممالک میں پاکستان کی پذیرائی کو وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی کامیابی قراردی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا اس کامیابی پر ثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔معاون خصوصی نے عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کی رحلت پر اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور کابینہ کے ارکان مرحومہ کے ایصال ثواب اور مغفرت کیلئے دعاگو ہیں۔

close