ہمارے تجویز کردہ تین نکات پر عمل کر لیا جائے، پاکستان کے مسائل حل ہو جائیں گے، چھوٹی جماعت کے بڑے لیڈر نے مطالبہ کر دیا

کراچی(آئی این پی)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایک رات میں پاکستان کے بدترین حالات بہتری کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں اگر حکومت اور اپوزیشن خلوص نیت سے پی ایس پی کے بتائے گئے تین نکات پر عمل کرلے۔ ملک کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لیے اٹھارویں ترمیم میں فوری طور پر ترمیم کے زریعے اختیارات اور وسائل کو وزراء اعلیٰ کے قبضے سے نکال کر یوسی کی نچلی ترین سطح تک منتقلی لازم ہے تاکہ ناصرف عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہوں بلکہ عوام کا اعتماد سسٹم پر بڑھے۔ دوسرا نکتہ نیشنل فائنانس کمیشن NFC کی طرز پر پروونشل فنانس کمیشن PFC کا اجراء ہے، وفاق کی جانب سے این ایف سی کو پی ایف سی کیساتھ لازم و ملزوم کیا جائے اور جب تک صوبے ڈسٹرکٹ اور ڈیوڑن کی سطح تک PFC کا اجراء یقینی نا بنائیں تب تک NFC جاری نہیں کیا جائے۔ تیسرا اور سب سے اہم نکتہ مربوط اور مستحکم انتخابی اصلاحات ہیں کیونکہ پاکستان کے تمام انتخابات کے نتائج انتخابی شفافیت پر ناصرف سوالیہ نشان ہیں بلکہ عوامی رائے کی توہین اور سسٹم پر عدم اعتماد ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے کوئی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا، کیونکہ حکومت اور اپوزیشن کو اقتدار کی راہ ہموار کرنے کے لیے چور دروازے کھلا رکھنے ہیں۔ ان تین اہم نکات پر عمل کر کے ہی ملک کو اقوامِ عالم میں باوقار اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نااہل حکمرانوں اور اپوزیشن نے عوام سے امید چھین لی ہے جو کسی بھی قوم کی تباہی کا اشاریہ ہے، پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ناصرف پاکستان کے مسائل سے بخوبی واقف ہے بلکہ مسائل کے قابلِ عمل حل سے بھی واقف ہے۔۔۔۔۔

close